ترقیاتی اسکیمات میں رکاوٹ بی آر ایس کا واحد ایجنڈہ

   

بھٹی وکرمارکا کا الزام، حکومت کے ایک سال کی تکمیل پر آج سے تقاریب
حیدرآباد ۔14۔نومبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے انتخابی وعدوں کی تکمیل سے بوکھلاہٹ کا شکار کے ٹی آر مخالف مہم چلا رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ حکومت کی ناکامیوں کا حوالہ دینے والے کے ٹی آر اس بات کی وضاحت کریں کہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، انٹیگریٹیڈ اسکولس کا قیام ، کسانوں کے قرض معافی ، انتخابی وعدوں کی تکمیل ، غریبوں کو 200 یونٹ برقی مفت سربراہی اور 500 روپئے گیس سلینڈر کی سربراہی کیا حکومت کی ناکامیاں ہیں ؟ انہوں نے سوال کیا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت کے دوران عوامی مسائل کی یکسوئی کیوں نہیں کی گئی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنا بی آر ایس کا واحد ایجنڈہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتی۔ وقارآباد واقعہ میں جو بھی ملوث پائے گئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے ضمن میں ریاست بھر میں مختلف پروگرامس منعقد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ کل 15 نومبر سے تقاریب کا اہتمام کریں اور حکومت کی اسکیمات سے عوام کو واقف کرائیں۔ انہوں نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کا حوالہ دیتے ہوئے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو فلاحی اسکیمات میں مناسب حصہ داری کیلئے مردم شماری شروع کی گئی ہے۔ تلنگانہ اس معاملہ میں ملک کے لئے رول ماڈل بن چکا ہے۔ 1