ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے نشانوں کی تکمیل پر ریونت ریڈی کی توجہ

   

چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ کا دورہ، سنٹر فار گڈ گورننس اور دیگر اداروں کی کارکردگی کا جائزہ

حیدرآباد۔/10ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے سرکاری مشنری اور عہدیداروں کو متحرک کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے تاکہ حکومت کی جانب سے ترقیاتی اور فلاح و بہبود کے سلسلہ میں طئے کردہ نشانوں کی تکمیل ہوسکے۔ چیف منسٹر نے آج ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور فیکلٹی ممبرس سے بات چیت کی۔ انسٹی ٹیوٹ کے عہدیداروں نے سرکاری اسکیمات پر عمل آوری میں عہدیداروں کے رول اور انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے دی جانے والی ٹریننگ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ریونت ریڈی نے انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی کی تفصیلات کے علاوہ ملازمین اور عہدیداروں کو دی جانے والی ٹریننگ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر جنرل ششانک گوئل نے چیف منسٹر کا استقبال کیا اور کارکردگی کی تفصیلات پر مبنی پریزنٹیشن دیا۔ وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا اور سابق وزیر محمد علی شبیر کے ہمراہ چیف منسٹر نے انسٹی ٹیوٹ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور سولار بیاٹری سے چلنے والی گاڑیوں کا مشاہدہ کیا۔ چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ اہمیت کا حامل ہے۔ حکومت کی جانب سے ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں انسٹی ٹیوٹ کا اہم رول ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل بنہر مہیش دت، سنٹر فار گڈ گورننس کے ڈائرکٹر جنرل راجندر ننجے، ضلع کلکٹر حیدرآباد اور دیگر عہدیداروں نے چیف منسٹر کو انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی اور اسکیمات پر عمل آوری میں رول سے واقف کرایا۔