میونسپل کارپوریشن نظام آباد کے انتخابی نتائج کے بعد بی آر ایس امیدواروں کااجلاس
نظام آباد۔ 20 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سابق رکن اسمبلی نظام آباد اربن گنیش گپتا نے آج بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے ضلع دفتر میں نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ساتھ ایک تفصیلی جائزہ اجلاس منعقدہ کیا۔ اجلاس میں انتخابی نتائج، مہم کی حکمتِ عملی اور آئندہ عوامی خدمات کے سلسلے میں لائحہ عمل پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گنیش گپتا نے کہا کہ مقابلہ کرنے والے اُمیدواروں نے بھرپور انتخابی مہم، گھر گھر رابطہ اور عوامی مسائل کو اُجاگر کرتے ہوئے لوگوں کی توجہ حاصل کی لیکن افسوس کہ ترقیاتی ایجنڈے کے مقابلے میں پیسہ اور شراب کی سیاست غالب رہی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں نتائج خواہ کچھ بھی ہوں، عوامی خدمت کے جذبے کو کمزور نہیں ہونے دینا چاہیے اور پارٹی کارکنوں کو اپنے حوصلے بلند رکھنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ پارٹی امیدواروں اور کارکنوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ہر مرحلے پر ان کی رہنمائی و تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے امیدواروں پر زور دیا کہ وہ شکست سے دل برداشتہ نہ ہوں بلکہ اپنے اپنے ڈیویژن کے عوام کے مسائل، دکھ سکھ اور روزمرہ ضروریات میں مسلسل شریک رہتے ہوئے عوامی اعتماد کو مزید پیدا کریں ۔گنیش گپتا نے اس موقع پر یقین ظاہر کیا کہ موجودہ سیاسی حالات میں عوام دوبارہ ترقی اور فلاحی حکمرانی کے حق میں فیصلہ کریں گے اور آئندہ ڈھائی برسوں میں ریاست میں بی آر ایس کی حکومت دوبارہ قائم ہوگی۔ انہوں نے پارٹی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط اور عوامی رابطے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔