اقوام متحدہ ۔ 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے سال 2020ء سے اقوام متحدہ کی مختلف ایجنسیوں کی ترقیاتی سرگرمیوں کیلئے 13.5 ملین ڈالر کے عطیہ کا عہد کیا ہے۔ ہندوستان کے مستقل مشن برائے اقوام متحدہ سے وابستہ کونسلر انجنی کمار نے یہ اعلان یو این جنرل اسمبلی پلیجنگ کانفرنس فار ڈیولپمنٹ ایکٹیویٹیز میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان سال 2020ء کیلئے مختلف عملی سرگرمیوں کی تائید و حمایت کرتا ہے۔ ملک کی دیرینہ روایت رہی ہیکہ پورے یو این سسٹم کی ترقیاتی سرگرمیوں کی حمایت کی جائے۔ مختلف یو این ایجنسیوں کیلئے عطیات کا خاکہ پیش کرتے ہوئے انجنی کمار نے بتایا کہ ہندوستان یو این ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی فار فلسطین رفیوجیز کیلئے پانچ ملین ڈالر کا عطیہ دے گا۔
