محبوب نگر میں 119 کروڑ روپے لاگتی ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد، مرکزی حکومت پر تنقید
محبوب نگر ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے تارک راما راؤ نے آج ضلع محبوب نگر کے حلقہ اسمبلی دیورکدرہ کا طوفانی دورہ کرتے ہوئے 119 کروڑ روپے کی لاگت کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کیا۔ وہ آج صبح 10:30 بجے بذریعہ ہیلی کاپٹر دیورکدرہ منڈل کے ینکم پلی پہنچے۔ رکن اسمبلی آلا وینکٹیشور ریڈی، ضلع پریشد چیرمین سرناسدھاکر ریڈی، ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ، ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو نے ان کا استقبال کیا۔ ریاستی وزیر نے ینکم پلی میں 55 کروڑ کے صرفہ سے تعمیر کئے جانے والے پیر و ر لفت اریگیشن اسکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ اڈا کل منڈل کے موضع ورنے تا متیالم پلی 18 کروڑ کی لاگت سے تعمیر شدنی ہائی لیول برج کا سنگ بنیاد رکھا۔ بھوت پور بلدی حدود میں پوتلا مڈگو کے پاس 3.5 کروڑ کے صرفہ سے تعمیر شدنی منی اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ دیور کدرہ حلقہ اسمبلی میں 1100 ڈبل بیڈ رومس کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے۔ 8 لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جارہا ہے۔ عنقریب گھن پور پراجکٹ بھی مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کونہ کوٹہ ڈگری کالج کے لئے 4 کروڑ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت مرکز کو 3 لاکھ 65 ہزار کروڑ ٹیکس ادا کرچکی ہے اس میں سے جو رقم ریاست کو لوٹانا چاہئے اس میں سے نصف رقم بھی واپس نہیں کی جارہی ہے، لیکن ریاستی حکومت ویلفیر اسکیمات میں آگے آگے ہے۔ ریاستی وزیر اور انڈی ویمولا پرشانت ریڈی اور ریاستی وزیر ایکاری وی سرینواس گوڑ نے بھی مخاطب کیا۔ صدارت ایم ایل اے آلا وینکٹیشور ریڈی نے کی۔ اس موقع پر ایم پی منے سرینواس ریڈی، ایم ایل پنردامودھر ریڈی، وانی دیوی، ایم ایل ایز لکشما ریڈی، ابراہام، بال راج، انجیا یادو، کرشنا موہن ریڈی، راجندر ریڈی، ریاستی مائناریٹی فینانس کارپوریشن چیرمین امتیاز اسحق، زیڈ پی ٹی سیز، ایم پی ٹی سیز، عوامی نمائندے و عہدیدار موجود تھے۔