ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو ترجیح

   

بے قاعدگی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، مئیر کا انتباہ

کریم نگر : سٹی میئر یادگیری سنیل راؤ نے انجینئرنگ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ میونسپل کارپوریشن کے تحت مختلف اسکیموں کے ذریعہ چلائے جارہے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے شفافیت کو ریکارڈ کریں اور صرف قواعد و ضوابط کے مطابق کئے گئے کاموں کو ریکارڈ کریں اور بلوں کی ادائیگی کریں۔ میئر سنیل راؤ ہفتہ کو ‘آندھرا جیوتی’ تیلگو اخبار میں شائع ہونے والے (اشٹراجینگا بلز ریکارڈ’)من مانی طور بلز ریکارڈکے عنوان سے ایک مضمون کا جواب دے رہے تھے۔ اْنہوں نے حکام کو فوری تحقیقات کا حکم دیا ۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن میں بدعنوانی اور بے قاعدگیوں کو کسی بھی حال میں برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ٹینڈرز کے انتظام سے لے کر کام کے بلوں کی ادائیگی تک مکمل شفافیت کے طریقے سے کی جائے گی ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی خلاف ضابطہ بل ریکارڈ کرے گا یا بدعنوانی کا مرتکب ہوگا اس کے خلاف محکمانہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے انجینئرنگ حکام کو اس سلسلے میں ہدایت دی اور کہا کہ شفافیت کے ساتھ عوام کا پیسہ صرف عوام کی بھلائی کیلئے استعمال ہو ۔ میئر نے کہا کہ وہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہے ہیں۔