سوریا پیٹ میں ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کی میڈیا سے بات چیت
سوریا پیٹ۔وزیر برقی جی جگدیش ریڈی نے کہا کہ حکومت کا مقصد دنیا کے نقشہ پر سوریاپیٹ شہر و ضلع کو نمایاں مقام پر پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریاستی حکومت کے ذریعہ کئے گئے ترقیاتی کاموں میں حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے سوریاپیٹ بلدیہ کے سنتل چیرو تالاب کے پاس تعمیر شدہ منی ٹینک بنڈ کے ساتھ ساتھ جیمان نگر میں ویکنٹھا دھم اور ڈمپنگ یارڈس میں نئے برننگ یونٹ کا دورہ کیا۔ بعد ازاں وزیر موصوف نے 29 ویں وارڈ میں پودے لگائے اور پلاریڈی تالاب میں ویکنٹھہ ڈیم کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ آس پاس کے ماحول کو صاف رکھنے میں لوگوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی ترقی میں لوگوں کی شرکت اور تعاون خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے سی آر کی تمنائیں تکمیل کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور شہری علاقوں میں بہترین نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر نشین بلدیہ اناپورنما ، نائب صدر نشین پٹہ کشور ، ایم پی پی رویندر ریڈی ، زیڈ پی ٹی سی بکشم ، اراکین بلدیہ اننتولا یاادگیری ، رپورتھی سرینو ، ککارنی ناگیا کمشنر رامنجلا ریڈی اور دیگر موجود تھے۔