ترقیاتی کاموں پر کھلے مباحثہ کا ٹی آر ایس کو چیلنج

   

Ferty9 Clinic

گمبھی راؤ پیٹ میں کانگریس کارکنوں کا اجلاس، متحدہ کام کرنے پرزور، مختلف قائدین کا خطاب

گمبھی راؤ پیٹ۔راجننہ سرسلہ ضلع کے گمبھی راؤ پیٹ میں آج منڈل کی سطح پر کانگریس کارکنوں کا ایک اجلاس زیر صدارت صدر منڈل کانگریس محمد حمید الدین خالد منعقد ہوا۔ مقامی مسلم شادی خانہ و اردو گھر میں منعقدہ اجلاس میں صدر ضلعی کانگریس سرسلہ این ست نارائن گوڑ،نائب صدر اقلیتی سیل کانگریس محمد غوث ، ڈی نرسیا نے شرکت کی۔ اس اجلاس کو این ست نارائن گوڑ نے مخاطب کرتے ہوئے کانگریس کارکنوں پر زور دیا کہ متحدہ طور پر کام کرتے ہوئے کانگریس کو مضبوط کریں۔ انہوں نے آئندہ دنوں ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کو اقتدار ملنے کو یقینی قراردیا۔ انہوں نے ہمیشہ کانگریس کارکنوں کے ساتھ تال میل کو برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ نائب صدر ضلع کانگریس اقلیتی سیل محمد شیخ غوث نے اپنے خطاب میں کانگریس کارکنوں کو کمربستہ ہوکر کام کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کا خاتمہ یقینی ہے اور کہا کہ ریاست میں ٹی آر ایس کی اُلٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ شیخ غوث نے کہا کہ ٹی آر ایس کی عوام مخالف پالیسیوں کی وجہ سے اقتدار سے بیدخل ہونا یقینی ہوگیا ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس پارٹی کے دور اقتدار میں عام آدمی کو ہونے والی دشواریوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد صرف پارٹی کیڈر یا پارٹی کارکنوں اور قائدین کو ہی فائدہ ہوا ہے۔ عام آدمی تو عام زندگی گذارنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے کانگریس کو قومی پارٹی قرار دیا اور کہا کہ کانگریس70 سالہ ریاستی سفر کا تجربہ رکھتی ہے۔ اس اجلاس میں صدر منڈل کانگریس گمبھی راؤ پیٹ محمد حمید الدین نے بھی مخاطب کرتے ہوئے ٹی آر ایس پر شدید تنقید کی اور کہا کہ وہ علاقہ میں ترقیاتی کاموں سے متعلق کھلے مباحثہ کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے ٹی آر ایس پر ترقیاتی کاموں سے متعلق چیالنج کیا اور ٹی آر ایس پارٹی قائدین سے سوال کیا کہ وہ خود دن ، وقت اور تاریخ کا تعین کریں، وہ کبھی بھی آنے کیلئے تیار ہیں۔ حمید الدین خالد نے علاقہ میں کانگریس دور حکومت میں انجام دیئے گئے ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں کانگریس دور حکومت کے دوران گورنمنٹ ہاسپٹل ، جونیر کالج، ڈگری کالج کے قیام سے متعلق بات بتائی۔ حمید الدین خالد نے کہا کہ ٹی آر ایس علاقہ میں صرف سی سی روڈ اور ڈرین کی تعمیر عمل میں لائی ہے وہ بھی اپنے پارٹی قائدین و کارکنوں کو فائدہ پہنچانے کی خاطر کیونکہ اکثر ان ترقیاتی کاموںکا ٹنڈر پارٹی قائدین کو ہی سونپا گیا تھا۔ اس اجلاس کو ڈی نرسیا، ترپتی گوڑ نے مخاطب کیا۔ س موقع پر سید نصرت اللہ حسینی، بابو موجود تھے۔