ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر متعین کرنے بھٹی وکرمارکا کی ہدایت

   

سرکاری محکمہ جات سے اندرون ایک ہفتہ رپورٹ طلب، کابینی سب کمیٹی کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے تمام سرکاری محکمہ جات کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں ترجیحی بنیادوں پر کاموں کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ بھٹی وکرمارکا نے انفراسٹرکچر اور ترقیاتی کاموں سے متعلق کابینی سب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ سکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان اتم کمار ریڈی ، ڈی سریدھر بابو اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ 1:3 کے تناسب سے تجاویز پیش کریں اور اگر تجاویز کی تعداد زیادہ ہو تو انہیں ترجیحی بنیادوں پر پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلئے مدت کا تعین ہونا چاہئے ۔ انہوں نے تمام محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز کو ہدایت دی کہ وہ اندرون ایک ہفتہ ہونے والے آئندہ اجلاس میں جامع تجاویز پیش کریں۔ سب کمیٹی کے ارکان نے محکمہ جات عمارات و شوارع اور پنچایت راج کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سڑکوں کی تعمیر کے سلسلہ میں ٹنڈرس کی تکمیل میں تیزی پیدا کریں۔ محکمہ جات ، عمارات و شوارع ، پنچایت راج اور پولیس کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لیا گیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی خواہاں ہے اور محکمہ جات کو ترجیحی بنیادوں پر کاموں کا تعین کرنا چاہئے۔ اجلاس میں چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ ، پرنسپل سکریٹری پنچایت راج سریدھر اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔1