ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں لاپرواہی پر کمشنر بلدیہ ذمہ دار

   

اسپیشل چیف سکریٹری میونسپل اڈمنسٹریشن اروند کمار کا سخت اقدام
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شہر میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے دوران لاپرواہی پر بلدیہ کمشنرس کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ پانی کی سربراہی و صفائی ڈرینج کی صفائی اسٹریٹ لائٹس کے انتظامات کے دوران حادثات پر کنٹراکٹرس اور میونسپل عہدیدار قصور وار مانے جائیں گے اور ان کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے گی ۔ شہر میں گذشتہ دنوں پیش آئے حادثات اور مین ہول میں صفائی کے دوران ہلاکتوں کے واقعات کا میونسپل اڈمنسٹریشن نے سخت نوٹ لیا ہے ۔ حادثات کی وجوہات کو مکمل جانچ کے بعد میونسپل عملہ کی لاپرواہی کو اہم وجہ تصور کیا ۔ اور اب ساری ذمہ داری میونسپل کمشنرس پر عائد کرتے ہوئے جامع نگرانی کی ہدایت جاری کردی ۔ ایک اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس کے دوران میونسپل اڈمنسٹریشن کے اسپیشل چیف سکریٹری ارویند کمار نے یہ اقدام کیا ۔ سڑکوں کی مرمت ، صفائی کے اقدامات ، ڈرینج لائن کی صفائی ، پینے کے پانی کو سربراہی اور تباہ سڑکوں کی مرمت کے دوران پیش آرہے حادثات میں مزدوروں کے علاوہ عام شہریوں کی ہلاکت کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ شہر میں آئندہ ایسے کسی بھی واقعہ کے بعد جانچ ہوگی اور فوری طور پر خاطی میونسپل عملہ کو خدمات سے معطل کردیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ متعلقہ کنٹراکٹر اور تعمیراتی ایجنسی کے ذمہ داروں کے خلاف کریمنل کیس درج کرتے ہوئے کارروائی کی جائے گی ۔ اور یہ کارروائی میونسپل کمشنرس کریں گے ۔ شہر کی سڑکوں اور گلی کوچوں میں مرمتی اقدامات کے دوران احتیاطی تدابیر کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ ورک سائیٹ پر مزدوروں اور عملہ کے علاوہ عام شہریوں کی حفاظت کے لیے موثر اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ کھدوائی کے کاموں کے دوران 1.5 میٹر اونچے بیاریکٹس اور ایل ای ڈی لائٹس کو نصب کرنا پڑے گا ۔ اور عام شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے 100 میٹر کے فاصلے پر ڈینجر انتباہ ہی بورڈ لگایا جائے اور ان تمام تر اقدامات کی ذمہ داری میونسپل کمشنرس کی ہوگی ۔۔ ع