ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے ساتھ ریاست کی آمدنی میں اضافہ پر توجہ دی جائے : بھٹی وکرامارکا

   

کابینی سب کمیٹی کا اجلاس، بجٹ الاٹمنٹ کے مطابق کاموں کی تکمیل کی تجویز، کوئی اسمبلی حلقہ ترقی سے محروم نہ رہے
حیدرآباد 19 اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں۔ بھٹی وکرامارکا نے آج انفراسٹرکچر اور کیپٹل ورکس پر کابینی سب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ سب کمیٹی کے ارکان وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو، وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور وزیر پنچایت راج سیتکا کے علاوہ عہدیدار اجلاس میں شریک تھے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ سابق بی آر ایس حکومت نے ترقیاتی کاموں کو بجٹ کے بغیر ہی من مانی طور پر منظوری دی تھی جس کے نتیجہ میں آج بھی کئی کام شروع نہیں کئے جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام اسمبلی حلقہ جات میں یکساں طور پر ترقیاتی کاموں کو یقینی بنایا جائے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ ریاست کی تیز رفتار ترقی کے لئے سرمایہ کاری اہمیت کی حامل ہے۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ وسائل کا احتیاط سے استعمال کریں اور ترجیحی بنیادوں پر مختلف محکمہ جات کے ترقیاتی کام مکمل کئے جائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ عام طور پر ریونیو اور بجٹ منظوری کے تحت کاموں کی منظوری کی جاتی ہے اور یہ 1:3 کے تناسب میں ہوتے ہیں۔ گزشتہ 10 برسوں میں سابق حکمرانوں نے آمدنی اور بجٹ منظوری کی پرواہ کئے بغیر ہی 1:25 کے تناسب سے ترقیاتی کاموں کی منظوری دی تھی۔ اُنھوں نے بعض کاموں کا آغاز کیا اور اُنھیں ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ فنڈس کی قلت کے سبب ہر جگہ کام نامکمل ہیں اور ریاستی وزراء اپنے محکمہ جات کے لئے نئے کاموں کی تجویز پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ فنڈس کی اجرائی اور خرچ میں تناسب کو برقرار رکھیں کیوں کہ سابق حکومت کے فیصلوں کے سبب موجودہ حکومت کئی پراجکٹس کی تکمیل کے موقف میں نہیں ہے۔ اُنھوں نے محکمہ جات کے سکریٹریز سے کہاکہ وہ اپنے محکمہ جات کے معاشی موقف کے بارے میں حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ ترجیحی بنیادوں پر ایسے کاموں کی نشاندہی کریں جو 95 فیصد مکمل ہوچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں کوئی بھی اسمبلی حلقہ متاثر نہ ہونے پائے۔ بھٹی وکرامارکا نے مرکز کی اسکیمات اور نبارڈ کی مدد سے شروع کئے جانے والے پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کا مشورہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق حکومت کے دور میں بعض محکمہ جات نے ترقیاتی کاموں پر صد فیصد توجہ دی جبکہ بعض اسکیمات محض 10 فیصد مکمل ہوئی ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں پر عمل آوری کے ساتھ ساتھ ریاست کی آمدنی میں اضافہ پر توجہ مرکوز کی جائے۔ سب کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے قبل تمام محکمہ جات کو باہم تال میل کے ساتھ پراجکٹس کی پیشرفت پر رپورٹ تیار کرنی چاہئے۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ، پرنسپل سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج، پرنسپل سکریٹری انڈسٹریز سنجے کمار، پرنسپل سکریٹری انرجی نوین متل، پرنسپل سکریٹری پنچایت راج سریدھر، پرنسپل سکریٹری ایجوکیشن یوگیتا رانا، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق سری دیوی، منیجنگ ڈائرکٹر ہاؤزنگ کارپوریشن گوتم، ہوم سکریٹری روی گپتا اور دوسروں نے شرکت کی۔1