ترقیاتی کام سیاسی بھید بھاؤ سے بالاتر انجام دیئے جائیں

   

عادل آباد میں کونسلرس رکن اسمبلی پایل شنکر کا مشورہ ، بلدیہ کے جنرل باڈی کا اجلاس
عادل آباد ۔ 10 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حالیہ بلدیہ انتخابات کے دوران پائے جانے والے تمام سیاسی بھید بھاؤ سے بالاتر ہوکر عادل آباد کی ترقی کے لئے متحدہ طورپر عوام کی خدمات انجام دینے کا نومنتخب مجلس بلدیہ کونسلرز کو عادل آباد رکن اسمبلی مسٹر پایل شنکر نے مشورہ دیا ۔ موصوف مستقر عادل آباد کے مجلس بلدیہ دفتر میں اراکین بلدیہ کے جنرل باڈی اجلاس سے مخاطب تھے ۔ انھوں نے کہاکہ عادل آباد میں عنقریب ایئرپورٹ کا قیام اور ٹکسٹائیل پارک کا قیام عمل میں لایا جارہاہے ۔ اس کے علاوہ عادل آباد مجلس بلدیہ کو کارپوریشن بلدیہ میں تبدیل کرنے کا کام جاری ہے ۔ فٹ پاتھ پر تجارت کرنے والے چھوٹے بیوپاریوں کیلئے گنیش ٹاکیز کے احاطہ میں تین کروڑ روپیوں کے صرفہ سے ٹین شیڈ پر مشتمل دوکانوں کی تعمیر کرتے ہوئے اُنھیں فراہم کئے جائیں گے تاکہ اُنھیں روزگار فراہم ہوسکے ۔ تامی بس اسٹیشن پر تعمیر کئے جانے والے زیرزمین راستہ (انڈر ریلوے بریج ) کا جلد از جلد تعمیراتی کا م آغاز کرنے کا بھی انھوں نے تیقن دیا جبکہ مجلس صدر و بلدیہ کونسلرس مسٹر شیخ نظیر نے رمضان المبارک کے پیش نظر فٹ پاتھ ر تجارت کرنے والے چھوٹے بیوپاریوں کو 10 دن شہر کے اہم چوراستوں پر تجارت کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ۔ علاوہ ازیں تامی بس اسٹیشن پر انڈر ریلوے بریج تعمیراتی کام شروع نہ ہونے کے باوجود زائد از دیڑھ ماہ سے راستہ میں رکاوٹیں کھڑا کرتے ہوئے راستہ بند کردیا گیا ۔ انھوں نے راستہ کی کشادگی کی عادل آباد رکن اسمبلی سے خواہش کی ۔ عادل آباد صدرنشین مجلس بلدیہ شریمتی بنڈاری انوشا کی صدارت میں منعقدہ مجلس بلدیہ کی جنرل باڈی کا پہلا اجلاس کے ایجنڈہ میں چھ نکات شامل تھے ۔ اس اجلاس میں نائب صدرنشین بلدیہ مسٹر ایم ڈی روہیت بھی اپنے منصب پر موجود تھے جبکہ بی جے پی سے تعلق رکھنے والے 21 اراکین بلدیہ گیروے رنگ کا لباس تن کئے ہوئے مسٹر پائل شنکر کی سرپرستی میں وندے ماترم کے نعرے لگاتے ہوئے دفتر بلدیہ میں داخل ہوئے ۔ تین منزلہ بلدیہ کی جدید عمارت میں لفٹ نصب کی تجویز عادل آباد رکن اسمبلی نے ایوان بلدیہ کو اجلاس کے دوران دیا ۔ اس اجلاس میں بلدیہ کونسلرز نے اپنے اپنے وارڈس میں پائے جانے والے مسائل پر ر صدرنشین بلدیہ کی توجہ مرکوز کرائی جس پر صدرنشین بلدیہ نے تمام کاموں کی یکسوئی کا اراکین بلدیہ کو تیقن دیا ۔