گلوبل لیڈر سمٹ 2025 کا حیدرآباد میں آغاز، 25 ممالک کے مندوبین کی شرکت، سرمایہ کاری
حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو نے کہاکہ ترقی اور فلاح و بہبود کے معاملہ میں تلنگانہ ملک کی رول ماڈل ریاست بن چکی ہے۔ حیدرآباد میں گلوبل لیڈرس سمٹ 2025ء سے خطاب میں سریدھر بابو نے خانگی اداروں پر زور دیا کہ وہ ریاست کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کریں اور حکومت کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں اشتراک کریں۔ سریدھر بابو نے کہاکہ کئی بین الاقوامی اداروں نے تلنگانہ میں سرگرمیوں کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کیلئے سازگار ماحول ہے اور حکومت بھی صنعتکاروں کو مراعات فراہم کررہی ہے۔ سریدھر بابو نے کہاکہ تلنگانہ کی ترقی کی رفتار کو کوئی طاقت روک نہیں پائیگی۔ کانگریس حکومت نے انتہائی قلیل عرصہ میں ریاست کی ترقی کیلئے پیشرفت کی ہے۔ ریاست کی مجموعی ترقی کی شرح 16.12 لاکھ کروڑ تک پہونچ چکی ہے۔ ریاست میں انفرادی آمدنی 3.79 لاکھ ہے جبکہ قومی سطح پر یہ شرح 1.8 لاکھ ہے۔ گزشتہ 18 مہینے کے دوران 3 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات کئے گئے۔ لائف سائنسیس شعبہ میں 40 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری سے 2 لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہونگے۔ سرویس سیکٹر نے ریاست کی ترقی میں 66.3 فیصد کی حصہ داری ادا کی ہے۔ سریدھر بابو نے کہاکہ اگریکلچر سے مربوط شعبہ جات کے علاوہ آرٹیفیشل انٹلی جنس، اسمارٹ ہیلت کیر سسٹم، ڈیجیٹل فارمنگ، کلین انرجی اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ گلوبل لیڈرس سمٹ میں 25 ممالک کے مندوبین شرکت کررہے ہیں جن میں برازیل، جرمنی، روس، کیمرون، مالٹا، برطانیہ، بیلجیم، متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ سریدھر بابو نے بیرونی مندوبین کا استقبال کیا اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے واقف کرایا۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار ڈپلومیٹک ریلیشن مالٹا کے گورنر لیلو مارا، سکریٹری مارکیلو پارٹی و بیلجیم کے رکن پارلیمنٹ ڈانیل گربین نے مخاطب کیا۔1
