سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر کام قریب الختم، سکیوریٹی میں بھی اضافہ کے اقدامات
حیدرآباد۔8۔مارچ۔(سیاست نیوز) مرکزی حکومت کے امرت بھارت پراجکٹ کے ذریعہ ملک بھر میں چنندہ ریلوے اسٹیشن کا انتخاب کرتے ہوئے دی جانے والی ترقی کے دوران اب اس بات کو بھی یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں کہ اس پراجکٹ کے تحت جن ریلوے اسٹیشنوں کو ترقی دی گئی ہے ان ریلوے اسٹیشنوں پر مسافرین کو داخل ہونے سے قبل اپنے ریلوے ٹکٹ کو اسکیان کروانے کے بعد ہی انہیں ریلوے اسٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ محکمہ ریلوے کے عہدیداروں نے بتایاکہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے کام قریب الختم ہیں اور ان کاموں کی تکمیل کے بعد ریلوے اسٹیشن کے سیکوریٹی امور کو بھی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مسافرین کی سہولت کے لئے بہترین اقدامات کئے جائیں گے۔ بتایاجاتاہے کہ محکمہ ریلو ے نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق ریلوے اسٹیشنوں پر بھی ائیر پورٹ کے طرز کے سیکوریٹی انتظامات کئے جائیں گے اور ریلوے اسٹیشن میں محض ان افراد کو ہی داخلہ کی اجازت دی جائے گی جو کہ سفر کے لئے ریلوے اسٹیشن پہنچے ہیں اور ان کے پاس ٹکٹ موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹکٹ پر موجود کیو آر کوڈ اسکیان کرنے پر ہی ریلوے اسٹیشن میں داخلہ کی اجازت حاصل ہوگی علاوہ ازیں مسافرین کے لگیج کی بھی داخلہ پر ہی اسکیاننگ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق امرت بھارت اسکیم کے تحت جن ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر ‘ مرمت اور تزئین کا سلسلہ جاری ہے ابتداء میں ان ریلوے اسٹیشنوں میں یہ سہولت شروع کی جائے گی اور بعد ازاں اس سہولت کو دیگر ریلوے اسٹیشنوں تک توسیع دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیداروں کے مطابق جنوبی ہند کی ریاستوں میں ریلوے اسٹیشنوں پر لگیج کی اسکیاننگ اور ٹکٹ کی اسکیاننگ کے بعد ہی مسافرین کو ریلوے اسٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت کے علاوہ مسافرین کو وداع کرنے کے لئے پہنچنے والے افراد کے پلیٹ فارم ٹکٹ کی بھی جانچ کو سخت کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشنوں کو عوام کے لئے محفوظ بنانے کے اقدامات کا منصوبہ تیار کیاگیا ہے۔3