ترقی سے انکار : 24 ممبئی پولیس افسران کو کارروائی کا سامنا

   

ممبئی ۔ 10 مئی (یو این آئی) مہاراشٹرا پولیس نے حال ہی میں سال 2022-23 اور 2023-24 کے لیے پولیس انسپکٹرز کی ترقیوں کے احکامات جاری کیے تھے ، جن کے تحت افسران کو اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (اے سی پی) اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی وائی ایس پی) کے عہدوں پر ترقی دی جا رہی تھی۔ تاہم، ان میں سے 75 افسران نے ترقی لینے سے انکار کر دیا، جن میں سے 24 افسران کا تعلق صرف ممبئی سے ہے ۔ اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمے نے یکم مئی کو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم جاری کیا ہے ۔ محکمہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر مذکورہ افسران کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو اس کی ذمہ داری متعلقہ سینئر افسران پر عائد ہوگی۔ ذرائع نے مطلع کیا کہ ان افسران کو مستقبل میں ترقی کی فہرستوں میں شامل نہیں کیا جائے گا اور وہ پے کمیشن کے تحت ملنے والی مراعات سے بھی محروم رہیں گے ۔ ریاستی پولیس محکمے میں افسران کی جانب سے ترقی سے انکار کا رجحان مسلسل بڑھ رہا ہے ۔ کئی افسران ذاتی وجوہات کا حوالہ دے رہے ہیں، جبکہ بعض افسران پرانی محکمانہ تحقیقات کو بنیاد بنا کر ترقی سے گریز کر رہے ہیں۔ اس ہچکچاہٹ کے باعث جونیئر افسران بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جو اپنی ترقی کے لیے کمانڈ چین میں انتظار کر رہے ہیں۔12 اکتوبر 2016 کو جاری کردہ ایک سرکاری قرارداد کے مطابق، جو افسر ترقی سے انکار کرتا ہے ، اسے دو سال تک دوبارہ ترقی کے لیے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔
اور اس کی اہلیت کا جائزہ تیسرے سال میں لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، ان افسران کو محکمانہ یقینی پیش رفت اسکیم کے فوائد سے بھی محروم کیا جا سکتا ہے ۔ وہ صرف ترقی کے بعد 10 سال کی سروس مکمل ہونے پر ہی پے کمیشن کی سہولت کے مستحق ہوں گے ۔ جو افسران مستقل طور پر ترقی لینے سے انکار کرتے ہیں، ان پر مستقبل میں مکمل طور پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے ۔