دوباک حلقہ کا لامائم پیٹھ میں ٹی آر ایس کا اقلیتی جلسہ، الحاج محمد سلیم کا خطاب
حیدرآباد: صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے دوباک ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ رامائم پیٹھ منڈل ہیڈکوارٹر پر اقلیتوں کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ ترقی اور بہبود کی اسکیمات کے سلسلہ میں تلنگانہ کو ملک میں پہلا مقام حاصل ہے۔ کے سی آر ملک کے واحد حقیقی سیکولر چیف منسٹر ہیں جنہوں نے تمام طبقات کی یکساں ترقی کے اقدامات کئے۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے فرقہ وارانہ فسادات اور کرفیو کا خاتمہ ہوگیا۔ تمام طبقات بھائی چارہ اور مذہبی رواداری کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں۔ کے سی آر حکومت نے تلنگانہ کی گنگاجمنی تہذیب کو پروان چڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال ملک میں سب سے بہتر ہے جس کے نتیجہ میں حیدرآباد میں ملٹی نیشنل کمپنیاں قائم ہورہی ہیں۔ اقلیتوں کی بھلائی کے لئے حکومت نے کئی اسکیمات کا آغاز کیا۔ بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے لئے اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے علاوہ وقف بورڈ کو گرانٹ، شادی مبارک، ائمہ موذنین کے لئے اعزازیہ اور اقلیتی فینانس کارپوریشن سے کار، آٹو اور سلائی مشینوں کی تقسیم شامل ہیں۔ انہوں نے اقلیتی رائے دہندوں سے ٹی آر ایس امیدوار سجاتا کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ جلسہ میں رکن اسمبلی بھوپتی ریڈی، رکن کونسل فاروق حسین اور دیگر قائدین شریک تھے۔