ترقی کیلئے تبدیلی کو پہچانیں اور اپنائیں :کمل ناتھ

   

بھوپال، 23 اکتوبر ( سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کمل ناتھ نے کہا ہے کہ آج سب سے بڑی ضرورت ہے کہ ہم ملک و دنیا اور اپنے گردونواح میں ہو رہی تبدیلیوں کو پہچانیں اور اسے اپنائیں تب ہی ہم ترقی کر سکتے ہیں۔مسٹر کمل ناتھ گزشتہ رات منٹو حال میں کنفیڈریشن آف ایم پی فار انڈسٹریز سروس اینڈ ٹریڈ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار، تجارت اور چھوٹی صنعتوں سے منسلک مسائل کے حل اور تجاویز کے لئے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ یہ کمیٹی وقتا فوقتا تاجروں کے نمائندوں سے بات چیت کر کے مسائل کو حل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے کاروبار ،تجارت اور چھوٹی صنعتوں کی مدھیہ پردیش کی ترقی، معیشت کو مضبوط بنانے اور اقتصادی سرگرمیاں بڑھانے میں اہم تعاون ہے ۔ ان کے بغیر ہم صوبہ کی مجموعی ترقی کا تصور بھی نہیں کر سکتے ۔ وہ کمپنیاں جو وقت کے ساتھ آگے بڑھیں، انہوں نے ایک مقام حاصل کیا ہے ۔انہوں نے اوبر اور اولا کمپنی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کم وقت میں انہوں نے جو ترقی کی ہے ، اس کے پیچھے اصل وجہ تھی انہوں نے تبدیلی کے دور کو پہچانا اور کامیابی حاصل کی۔ اس سمت میں ہماری کوششیں جاری ہیں۔اگر ہم نے حکومت چلانے کے کام کاج میں تبدیلی نہیں کی تو ترقی کے معاملے میں ہم پچھڑ جائیں گے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں ہم نے ہر سطح پر تبدیلی کی کوشش کی ہے ۔