ترقی کیلئے شاستری کی رکھی گئی بنیاد ہماری خوشحالی کی بنیاد ہے :کھرگے

   

نئی دہلی، 2 اکتوبر (یواین آئی) ملک کے دوسرے وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے آج کہا کہ انہوں نے ملک کی ترقی کی جو بنیاد رکھی تھی وہ اب ہماری خوشحالی کی بنیاد ہے ۔ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کھرگے نے 1965 میں الہ آباد میں ایک گاؤں کے اجتماع میں شاستری کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ آزادی کے بعد 10-12 سالوں میں ملک نے وہ ترقی کی ہے جو 200 برسوں کے برطانوی راج میں نہیں ہوسکی تھی۔ یہاں ہوائی جہاز اور گاڑیاں بن رہی ہیں۔ یہاں نئے ڈیم، اسکول اور سڑکیں بن رہی ہیں۔شاستری کو اپنا رول ماڈل بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج، ہمارے آئیڈیل، سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کے یوم پیدائش پر، ہم قوم کے لیے ان کی بے مثال خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ زمینی اصلاحات سے لے کر دودھ اور سبز انقلاب کی بنیاد رکھنے تک، ریلوے میں خواتین کے لیے تیسری کلاس کی سیٹوں کو ختم کرنے سے لے کر خواتین کے لیے بسوں کی بحالی تک۔ 1965 کی جنگ سے اپنے گاندھیائی نظریات کے ذریعے قوم کی خدمت کرنے تک، انہوں نے ہر میدان میں اپنی بے مثال لگن کا مظاہرہ کیا۔