ترقی کے معاملہ میں ہندوستان، بنگلہ د یش سے پیچھے‘ ہریش راو

   

تلنگانہ سارے ملک میں تیسرے اور جنوبی ہند میں پہلے مقام پر : ریاستی وزیر فینانس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 23 اگست ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی حکومت ملک کی مالیاتی ترقی بنگلہ دیش سے بھی کم ہے ۔ تلنگانہ کی ( جی ڈی پی) ریاستی شرح گھریلو پیداوار ملک سے تین فیصد زیادہ ہے ۔ جی ایس ڈی پی کے معاملہ میں تلنگانہ ملک میں تیسرے مقام پر اور جنوبی ہند میں پہلے مقام پر ہے ۔ اس معاملہ میں تلنگانہ وزیراعظم کی آبائی ریاست گجرات سے بہتر ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہریش راؤ نے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور تلنگانہ پردیش کانگریس صدر ریونت ریڈی کے الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ ترقی کے معاملہ میں تلنگانہ بہتر مظاہرہ کرکے ملک بھر میں اپنا ایک منفرد مقام بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے ہر سال جی ڈی پی میں ایک فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ ملک کی جی ڈی پی حصہ داری میں تلنگانہ کا چھٹواں مقام ہے ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ کورونا بحران کے باوجود ریاست کی شرح ترقی میں 2.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ملک کی جی ڈی پی 3 فیصد درج ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی خصوصی منصوبہ بندی کے باعث تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی ہورہی ہے جبکہ عالمی سطح کا جائزہ لیں تو بنگلہ دیش کی بہ نسبت ہندوستان کی شرح ترقی کم ہے ۔ بنگلہ دیش میں فی کس آمدنی 1887 ڈالر ہے جبکہ ہندوستان میں فی کس آمدنی 1877 ہے ۔ ریاست کی فی کس آمدنی 2,37,688 ہے ۔ ریاست کی فی کس آمدنی کا جائزہ لینے پر پتہ چلتا ہے کہ تلنگانہ کی ترقی کیا ہے اور دوسری ریاستو ں کی ترقی کیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں فی کس آمدنی 11.5 فیصد ہے جبکہ ملک کی فی کس آمدنی 4فیصد ہے ۔ جب تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی تھی اس وقت ملک میں تلنگانہ کا مختلف شعبوں میں 10واں مقام تھا ۔ 7 سال میں اس قدر ترقی ہوئی ہے کہ تلنگانہ تیسرے مقام پر پہنچ گیا ہے ۔ ٹیکسوں کی وصولی میں تلنگانہ 11.52 فیصد تناسب کے ساتھ سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ زرعی اور اس سے متصل شعبوں میں ملک کی شرح ترقی 3.6 فیصد ہے جبکہ تلنگانہ کی شرح ترقی 14.3 فیصد ہے ۔ ساتھ ہی مینوفیکچرنگ شعبہ میں 72 فیصد اور آئی ٹی شعبہ میں تلنگانہ نے 120فیصد ترقی درج کی ہے ۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات ، زرعی اور اس سے متصل شعبوں میں تلنگانہ 14.5 فیصد ترقی حاصل کی ہے ۔ جانوروں کی افزائش میں تین گناہ ، مچھلیوں کی افزئش کی آمدنی میں دو گنا اضافہ ہوا ہے ۔ N