کانگریس حکومت میں عوامی مفادات نظرانداز، ٹی ہریش راؤ کا الزام
سدی پیٹ۔ 14 جنوری:(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق وزیر اور مقامی ایم ایل اے ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ جھوٹ بول کر اقتدار میں آنے والی کانگریس پارٹی نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ ایم ایل اے ہریش راؤ نے سدّی پیٹ کے ایم ایل اے کیمپ آفس میں چِنّا کوڈورو منڈل کے نوجوانوں اور طلبہ کے لیڈروں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے جھوٹے وعدے کر کے ریاست میں اقتدار حاصل کیا اور دھوکہ دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پچھلی بی آر ایس حکومت کے دوران کے سی آر نے جو اسکیمیں نافذ کیں، انہیں بند کر دیا گیا اور چھ ضمانتوں کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے شکایت کی کہ پچھلے دس سالوں میں ترقی یافتہ سدّی پیٹ کانگریس حکومت کے ایک سالہ دور میں پیچھے چلا گیا۔ ہریش راؤ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ بول کر اقتدار میں آنے والی کانگریس پارٹی سدّی پیٹ کے عوام کے خلاف کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے لیڈران عوامی مفادات کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کانگریس لیڈران سے مطالبہ کیا کہ وہ سدّی پیٹ میں ایک بھی اچھا کام بتائیں جو انہوں نے ایک سال میں کیا ہو۔ ہریش راؤ نے نوجوانوں کو سیاست میں اہم کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ انہیں منشیات اور آن لائن گیمز سے دور رہنا چاہیے۔ نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل نوجوانوں کا ہے اور انہیں سیاست میں آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چِنّا کوڈورو منڈل میں گزشتہ دس سالوں میں ترقی ہوئی ہے لیکن کانگریس حکومت عوام کے ساتھ بڑی ناانصافی کر رہی ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ان مسائل کو عوام تک پہنچائیں۔