’ترقی یافتہ ہندوستان کی سمت میں شہروں کا اہم کردار‘

   

متعددمنصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیراعظم مودی کا خطاب ، وزیراعلیٰ پنارائی وجین کی بھی شرکت

ترواننت پورم، 23 جنوری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کہا کہ ملک کی ترقی میں شہروں کا اہم کردار ہے اور ان کی حکومت نے شہری بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے ۔ مودی یہاں کیرالا کی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھنے اور افتتاح کرنے کے بعد وہاں موجود عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس پروگرام میں وزیر اعلیٰ پنارائی وجین اور ریاستی بی جے پی کے صدر راجیو چندر شیکھر بھی موجود تھے ۔مودی نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے کام میں پورا ملک مصروف ہے ۔ ہمارے شہروں نے اس ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ گزشتہ 11 برسوں میں ہماری حکومت نے شہری بنیادی ڈھانچے پر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے ۔ وزیر اعظم نے کیرالا کو جوڑنے والی تین امرت بھارت ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائی۔وزیر اعظم نے کہا کہ مرکز کی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت رکنکٹیوٹی ، سائنس و اختراع اور صحت کی سہولتوں پر بھی بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا میں کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (سی ایس آئی آر) کے نئے اختراعی مرکز کا آج افتتاح اور میڈیکل کالج میں ریڈیو سرجری مرکز کے آغاز سے کیرالہ کو سائنس، اختراع اور صحت کی سہولتوں کا مرکز بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے ‘وکست بھارت’ کے ہدف کے حصول کے لیے کیرالہ سمیت تمام ریاستوں کی ترقی کو اہم قرار دیا۔وزیر اعظم نے محنت کشوں اور غریبوں کی مدد کے لیے اپنی حکومت کی مختلف اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت پانچ لاکھ روپے تک کے علاج کے لیے مفت بیمہ سہولت، خواتین کے لیے ماتر وندنا اسکیم اور ریہڑی پٹری پر کام کرنے والے افراد کے لیے سونِدھی اسکیم کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 12 لاکھ روپے تک کی سالانہ ذاتی آمدنی کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا ہے ، جس سے متوسط طبقے کو فائدہ ہوا ہے ۔ غریبوں کے بجلی کے اخراجات کم کرنے کے لیے پی ایم سوریہ گھر اسکیم چلائی جا رہی ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ آج کیرالہ کی ترقی کو نئی رفتار ملی ہے ۔ مرکزی حکومت کی کوششوں سے ریاست میں ریلوے رابطہ آج سے مزید مضبوط ہو رہا ہے ۔ ترواننت پورم شہر کو ملک کا ایک بڑا شہری اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اس ریاست اور پورے ملک میں غریبوں کی فلاح کے لیے پی ایم سونِدھی کارڈ اور سونِدھی کریڈٹ کارڈ اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم کیرالا کے بعد آج ہی تمل ناڈو روانہ ہوں گے اور وہاں چینگلپٹّو میں سہ پہر تین بجے ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے ۔