ترنمول ایم پی ڈیرک اوبرین پارلیمنٹ سے معطل

   

نئی دہلی : ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا ایم پی ڈیرک اوبرین کو پارلیمنٹ سے سرمائی اجلاس کے بقیہ حصہ کے لئے معطل کردیا گیا ہے کیوں کہ اُنھوں نے مبینہ طور پر قواعد کی کتاب کرسیٔ صدارت کی طرف پھینک ماری اور ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ اِس کارروائی کا مطلب ہے کہ وہ ایک روز کے لئے ایوان سے باہر رہیں گے کیوں کہ راجیہ سبھا کا اجلاس کل چہارشنبہ کو اختتام پذیر ہوجائے گا۔ ترنمول رکن پر الزام ہے کہ اُنھوں نے انتخابی اصلاحات سے متعلق بل اور 12 ایم پیز کی معطلی پر احتجاج کے دوران قواعد کی کتاب کو کرسیٔ صدارت کی طرف پھینکا۔ بعد میں اوبرین نے سلسلہ وار ٹوئٹس میں اپنی معطلی پر حکومت کو نشانہ بنایا۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ مرتبہ مجھے راجیہ سبھا سے معطل کیا گیا تھا جب حکومت زرعی قوانین کو زبردستی منظور کرارہی تھی۔ ہم جانتے ہیں اُس کے بعد کیا ہوا۔ آج بھی ایسا ہی کچھ ہوا، اُمید ہے یہ بل بھی جلد منسوخ ہوگا۔