ترنمول کانگریس قائد کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا

   

کولکتہ۔ مغربی بنگال کے مشرقی بردوان ضلع کے کیتوگرام میں جمعرات کی صبح ترنمول کانگریس کے ایک قائد کو دن دھاڑے گولی مار کر ہلاک کر دیاگیا۔ متوفی کی شناخت 45 سالہ دولال شیخ کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ضلع ترنمول لیڈروں نے دعویٰ کیا کہ یہ قتل کسی خاندانی مسئلہ کا نتیجہ ہے۔ تاہم مقامی بی جے پی رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ واقعہ علاقے میں ریت کی غیر قانونی کانکنی کی وجہ سے حکمراں پارٹی میں ہونے والی لڑائی کا نتیجہ ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مقتول ریت سمیت تعمیراتی سامان کا تاجر تھا۔ جمعرات کو وہ سڑک کے کنارے ایک اسٹال پر چائے پی رہا تھا کہ کچھ نقاب پوش شرپسند موٹرسائیکل پرآئے اور انہیں قریب سے گولی مار دی۔ ترنمول پنچایت ممبر سیل حسن نے دعویٰ کیا کہ تمام امکانات میں یہ خاندانی جھگڑوں کا نتیجہ ہے۔ اس کے ساتھی متھن میا نے دعویٰ کیا کہ غالباً قاتل باہر سے آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ درست ہے کہ مقتول ترنمول کانگریس کا ایک سرگرم رہنما تھا لیکن ہماری پارٹی کا اس المناک واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ تاہم مقامی بی جے پی لیڈر کرشنا گھوش نے دعویٰ کیا کہ ریت کی غیر قانونی کانکنی میں حصہ داری کی وجہ سے علاقے میں ترنمول کے مقامی رہنماؤں کے ساتھ کافی عرصے سے لڑائی چل رہی تھی۔ انہوں نے کہا دولال شیخ کا قتل اسی لڑائی کا نتیجہ ہے۔