دیدی‘ آخر چوکیدار سے خوفزدہ کیوں ہیں۔ شہریت بل سے ممتا بنرجی کے پیروں تلے زمین کھسک رہی ہے ۔ وزیراعظم کی تقریر
ٹھاکر نگر / درگا پور 2 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ مڈل کلاس طبقہ کی خواہشات کا گلا گھونٹ رہی ہیںا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ترنمول کانگریس در اصل تین ٹی یعنی ترنمول ‘ ٹولہ بازی اور ٹیکس سے معمور ہے ۔ ان کا الزام تھا کہ ان کی پارٹی جبری وصولی میں ملوث ہے ۔ انہوں نے بنگال میں بی جے پی کی انتخابی مہم کا عملا آغاز کرتے ہوئے دو عوامی ریلیوں سے خطاب کیا ۔ انہوں نے ترنمول سربراہ کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا اور شہریت ( ترمیمی ) بل کا زبردست دفاع کیا جس کی ممتابنرجی مخالفت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس عوامی خواہشات کا گلا گھونٹ رہی ہے لیکن مرکزی حکومت ان کے خواب پورے کریگی ۔ ترنمول کانگریس ترقیاتی کاموں میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ہے ۔ جہاں کوئی ملائی نہیں ہے وہاں کوئی کام نہیں کئے جا رہے ہیں۔ کرپشن کیلئے ترنمول کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگال میں ایسی جماعت برسر اقتدار ہے جو ترنمول ‘ ٹولہ بازی اور ٹیکس پر توجہ دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی بل کے ذریعہ ان لوگوں کو انصاف اور عزت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کالے دھن کے خلاف میرے جنگ سے کئی سیاسی قائدین خوف زدہ ہیں۔ اس کی ایک ہی وجہ ہے کہ مجھ پر یہ لوگ برس پڑ رہے ہیں کیوں کہ میں نے کالے دھن کے خلاف کارروائی کی ہے اور اس کالے دھن کو ختم کرنے تک میں سکون سے نہیں بیٹھوں گا۔ اس لئے آپ لوگ خوف زدہ دکھائی دیتے ہیں؟ وزیراعظم نے ممتا بنرجی سے سوال کیا کہ دیدی! آخر آپ چوکیدار سے خوفزدہ کیوں ہیں، اگر آپ صاف ستھری امیج رکھتی ہیں تو اس طرح کی گھبراہٹ کیوں ہے۔ وزیراعظم نے دوبارہ تیقن دیا کہ ملک کو کالے دھن سے پوری طرح پاک بنایا جائے گا۔ رشوت خوری کا خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے۔ اس ملک کے بااثر خاندانوں کے ارکان کو بھی بخشا نہیں جائے گا، انہیں اب عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہوئے دیکھا جارہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہریت (ترمیمی) بل پر ایک ہنگامہ خیز بجٹ چھڑ گئی ہے۔ اس کو قانون کا ایک متنازعہ حصہ بنایا جارہا ہے جبکہ شہریت بل سے ہی انصاف ملے گا اور ان لوگوں کو جو مذہبی طور پر استحصال کا شکار ہیں، انہیں راحت ملے گی۔ مودی نے ممتا بنرجی پر تنقید کرتے ہوئے کاہ کہ ترنمول کانگریس نے بی جے پی ورکرس کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال کے عوام ان کی پارٹی بی جے پی سے محبت کرنے لگے ہیں، یہ دیکھ کر ممتا بنرجی مضطرب ہوگئی ہیں۔ ہندوستان کو اس کے ٹکڑے کرنے کے بعد آزادی ملی ہے، عوام سوچتے ہیں کہ وہ اس ملک میں اپنی مرضی سے رہ سکتے ہیں لیکن انہیں ہندوؤں، سکھوں، جین اور پارسیوں کے نام پر فرقہ پرستانہ ماحول کا سامنا ہے۔ اس بنیاد پر ظلم و زیارتی کا شکار ہورہے ہیں۔ وزیراعظم مودی یہاں شیڈول کاسٹ ماتوا کمیونٹی کے جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ ان کی تقریر کے دوران عوام میں جوش و خروش دیکھا گیا۔ درگا پور میں بی جے پی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ مرکز نے اس صنعتی ٹاؤن درگا پور کی ترقی اور یہاں صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے 90,000 کروڑ روپئے کے پراجیکٹس منظور کئے ہیں۔ گزشتہ چار سال میں مرکز کی جانب سے کئی پراجیکٹس شروع کئے تھے لیکن ریاستی ترنمول کانگریس حکومت نے اس میں دلچسپی نہیں لی ۔