کولکاتا: مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس نے بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی ہے ۔ پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ گورنر بوس اپنے اختیارات کی حدودسے تجاوزر کررہے ہیں ۔وہ آئین کے ذریعے دیے گئے اختیارات کی پرواہ کیے بغیر لوک سبھا انتخابات سے پہلے بنگال میں اپنا انتخابی نظام چلا رہے ہیں۔ یہاں تک کہ الیکشن کمیشن کو نظر انداز کرکے انہوں نے بنگال میں شکایات کی اطلاع دینے کے لیے ایک الگ پورٹل کھولا ہے ۔ جس کا نام لاگ سبھا پورٹل رکھا ہے ۔جمعہ کو ترنمول کانگریس نے الیکشن کمیشن کو 12 صفحات کا خط سونپ دیا ہے ۔اس میں گورنر کی مختلف سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے گورنر کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ ساتھ ہی الیکشن کمیشن کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ گورنر کے ذریعہ شروع کیے گئے پورٹل کو فوری طور پر بند کرنے کے انتظامات کرے ۔16 مارچ کو الیکشن کمیشن آف انڈیا نے لوک سبھا انتخابات کا شیڈول جاری کیا۔ اس کے بعد راج بھون کی طرف سے بنگال کے لوگوں کیلئے ایک پورٹل شروع کیا گیا ہے ۔ اسے لاگ سبھا پورٹل کا نام دیا گیا ہے ۔ راج بھون کے ایکس ہینڈل نے پورٹل کے سرکاری اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ گورنر بوس نے انتخابات کے دوران بنگال کے لوگوں سے براہ راست رابطہ قائم کرنے کے لیے ایک پورٹل شروع کیا ہے ۔