نئی دہلی۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) نومنتخب ترنمول کانگریس کی رکن لوک سبھا نصرت جہاں اور میمی چکرورتی نے سہ شنبہ کو لوک سبھا کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ یہ دونوں فلمی اداکارائیں مقررہ تاریخ کو حلف برادری کی تقریب میں شریک نہ ہوسکیں۔ نصرت جہاں کی حال ہی میں ایک تاجر نکھل جین سے شادی ہوئی ہے اور دوسری اداکارہ میمی چکرورتی ترکی کسی تقریب میں شرکت کیلئے گئی ہوئی تھیں۔ جوں ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، ان دونوں عورتوں نے بنگالی زبان میں حلف لیا اور اس کا اختتام ’’وندے ماترم‘‘، ’’جئے ہند‘‘ اور ’’جئے بنگلہ‘‘ پر ہوا۔ اس کے بعد ان دونوں نے ایوان کے اسپیکر اوم برلا کے پاؤں چھوئے۔