کولکاتا :ترنمول کے قومی ترجمان ساکیت گوکھلے کو گجرات پولیس نے ایک بار پھر گرفتار کر لیا ہے ۔ اس بار ساکیت کو دہلی کے بنگا بھون سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ گجرات پولیس نے جمعرات کی رات بنگا بھون پر چھاپہ مارا۔ گجرات پولیس نے گزشتہ ایک ماہ میں تیسری مرتبہ ترنمول کانگریس کے لیڈر کو گرفتار کیا ہے ۔ ساکیت کو پہلے بھی دونوں بار ضمانت مل چکی ہے ۔ تاہم اس مرتبہ ساکیت کو مبینہ طور پر فنڈ غبن کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔دریں اثنا، قومی انسانی حقوق کمیشن نے راجستھان سے ساکیت گوکھل کی گرفتاری کے سلسلے میں گجرات پولیس کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ قومی انسانی حقوق کمیشن نے جے پورمیں ان کی گرفتاری اور بغیر کسی ٹرانزٹ ریمانڈ کے احمد آباد، گجرات لے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ ترنمول کانگریس نے الزام لگایا کہ ان کے ترجمان ساکیت گوکھلے کی گرفتاری ایک سیاسی سازش تھی۔ ساکیت گوکھلے پر الزام ہے کہ انہوں نے موربی میں پل گرنے کے بعد وزیر اعظم کے دورے کے اخراجات سے متعلق غلط معلومات ٹویٹ کیا تھا ۔پہلی بار 5 دسمبر کو جے پور سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں ضمانت حاصل کرنے کے لیے ساکیت کو 8 دسمبر کو دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔ اس بار انہیں گجرات پولیس نے عوامی نمائندگی ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا تھا۔ حالانکہ ساکیت کو دوسری بار ضمانت ملی تھی۔