ترنگا سچائی، عدم تشدد اور بھائی چارے کی علامت ہے :کھرگے

   

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر پر ترنگا لہرایا اور کہا کہ ترنگا ہماری خود اعتمادی اور وقار ہے اور سچائی، عدم تشدد اور بھائی چارہ کی روایت کی علامت ہے ۔اس موقع پر کھرگے نے ہم وطنوں کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے لاکھوں عظیم مجاہدی آزادی کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ جمہوریت اور آئین ہمارے 140 کروڑ ہندوستانیوں کا سب سے بڑا کوچ ہے ۔ آخری دم تک ہماس کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے جمہوریت میں اپوزیشن کے رول کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جمہوریت کی آکسیجن کی مانند ہے ۔ حکومت کے غیر آئینی رویے کو روکنے کے ساتھ ساتھ وہ عوام کی آواز بھی بلند کرتی ہے ۔ یہ تشویش کی بات ہیکہ آئینی اور خود مختار اداروں کو حکومت نے کٹھ پتلیوں میں تبدیل کر دیا ہے ۔ ہمارے مجاہدین آزادی کا خواب تنوع میں اتحاد کو برقرار رکھنا تھا لیکن کچھ طاقتیں زبردستی ملک پر اپنے نظریات مسلط کر کے ہمارے بھائی چارے کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اس لیے یہ ضروری ہیکہ ہم سب آئین میں دی گئی اظہارآزادی، زندگی، خوراک، لباس، عبادت اور نقل و حرکت کے بارے میں بیدار رہیں۔


کشمیر :یوم آزادی کی تقریبات جوش خروش کے ساتھ منائی گئیں
سرینگر: وادی کشمیر میں جمعرات کو یوم آزادی کی تقریبات جوش و خروش کیساتھ منائی گئیں، گرمائی دارلخلافہ سرینگر میں واقع بخشی اسٹیڈیم میں امسال لوگوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دیکھنے کو ملا۔جمعرات کی صبح سے ہی وادی کے اطراف و اکناف سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد سری نگر پہنچی جنہوں نے بخشی اسٹیڈیم میں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔ وادی کشمیر میں جمعرات کو یوم آزادی کی تقریبات سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ منائی گئیں۔