!تروملا تروپتی دیواستھانم کورونا وائرس کے کلسٹر میں تبدیل

   

مندر درشن کے لیے بند ، 40 افراد کے بشمول 14 پجاری بھی متاثر ، حکومت آندھرا پردیش کی توجہ
حیدرآباد۔ تروملا تروپتی دیوا ستھانم کورونا وائرس کے کلسٹر میں تبدیل ہوچکا ہے! ریاست آندھرا پردیش میں موجود تروپتی مندر کے 14پجاریوں کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد مندر کو درشن کیلئے بند کردیا گیا ہے اور بھکتوں کو مندر میں داخلہ کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تروملا تروپتی دیواستھانم میں خدمات انجام دینے والے جملہ 40 افراد کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے جن میں 14 مندر کے پجاری بھی شامل ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ مندر کو کنٹینمنٹ زون قرار دینے کے سلسلہ میں فیصلہ سے قبل اس بات کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ مندر کو کنٹینمنٹ زون میں تبدیل کیاجائے یا پھر اسے کلسٹر قرار دیا جائے کیونکہ 40 افراد کو کوروناو ائرس کے بعد یہ کہاجارہاہے کہ گذشتہ چند یوم کے دوران مندر میں خدمات انجام دینے والے ان متاثرین کا کتنے بھکتوں سے رابطہ ہوا ہوگا اور ان میں کتنے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اس بات کا جائزہ لیا جانا ضرور ی ہے۔تروملا تروپتی دیواستھانم میں موجود عملہ کی ابتدائی طبی جانچ کے دوران ایک پجاری کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد مندر کو ایک ہفتہ کیلئے جون میں بند کردیا گیا تھا لیکن اب دوبارہ کشادگی کے بعد تروپتی مندر کے 40 ملازمین بشمول 14 پجاریوں کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے جو کہ بڑی تعداد تصور کی جار ہی ہے اور ماہرین کا کہناہے کہ مندر کو درشن کیلئے پہنچنے والوں کی بڑی تعداد ان سے رابطہ میں رہی ہے اور اس بات کے خدشہ سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے کہ ان کو بھی کورونا وائرس کی وباء نے متاثر کیا ہے۔ حکومت آندھرا پردیش کے محکمہ صحت کی جانب سے اس با ت کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ مندر کو کنٹینمنٹ زون میں تبدیل کیا جائے یا تروملا تروپتی دیواستھانم کو کورونا وائرس کا کلسٹر قرار دیا جائے ۔بتایاجاتا ہے کہ ٹی ٹی ڈی بورڈ نے پجاریوں اور عملہ کو کوروناو ائرس کی توثیق کے ساتھ ہی درشن بند کرنے کا فیصلہ کردیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ مندر کی دوبارہ کشادگی کے سلسلہ میں ابھی غور نہیں کیا گیا ہے کیونکہ محکمہ صحت اور دیگر عملہ کی جانب سے مشاور ت کے بعد ہی ان کی جانب سے کی جانے والی کاروائی کا جائزہ لیتے ہوئے مندر کی کشادگی پر بورڈ کی جانب سے اعلان کیا جائے ۔