الیکشن کمیشن کے حلفنامہ میں انکشاف، کانگریس امیدوار کے پاس کوئی اثاثہ نہیں
حیدرآباد: تروپتی لوک سبھا حلقہ کے ضمنی چناؤ میں بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والی سابق آئی اے ایس عہدیدار کے رتنا پربھا تمام امیدواروں میں دولتمند ثابت ہوئی ہیں۔ اس حلقہ میں 17 اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ 30 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ، ان میں سب سے زیادہ اثاثہ جات بی جے پی امیدوار کے ہیں۔ سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر چنتا موہن جنہوں نے 6 مرتبہ تروپتی لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کی ، انہوں نے صفر اثاثہ جات کی رپورٹ پیش کی ہے۔ رتنا پربھا جو 2019 ء میں وظیفہ پر سبکدوشی سے قبل کرناٹک میں چیف سکریٹری کے عہدہ پر فائز تھی۔ انہوں نے 25 کروڑ مالیتی اثاثہ جات کی فہرست پیش کی ہے جو شوہر اور بیوی کے مشترکہ اثاثہ جات ہیں ۔ رتنا پربھا کے انفرادی اثاثہ جات 19.7 کروڑ کے ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار ایم گرو مورتی نے 40 لاکھ کے اثاثہ جات کا انکشاف کیا ہے جبکہ کانگریس کے امیدوار چنتا موہن کے اثاثہ جات صفر ہیں ۔ تلگو دیشم امیدوار اور سابق مرکزی وزیر پی لکشمی اور ان کے شوہر کرشنیا 10 کروڑ کے اثاثہ جات کے مالک ہیں جس میں کرشنا ضلع میں زرعی اراضی اور حیدرآباد میں جائیدادیں شامل ہیں۔ رتنا پربھا کا تعلق حیدرآباد کے بنجارہ ہلز علاقہ سے ہے اور حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے تحت فہرست رائے دہندگان میں ان کا نام شامل ہے۔ رتنا پربھا نے اپنے حلفنامہ میں انکشاف کیا کہ 2019-20 کے دوران ان کی آمدنی 39.5 لاکھ تھی جبکہ ان کے شوہر ڈاکٹر اے ودیا ساگر کی آمدنی 19 لاکھ روپئے تھی ۔ رتنا پربھا کے خلاف کریمنل مقدمات نہیں ہیں۔ رتنا پربھا کے بینک ڈپازٹ 3.8 کروڑ کے ہیں جبکہ ان کے شوہر کے بینک اکاؤنٹس میں 61 لاکھ روپئے ہیں ۔ انہوں نے 52 لاکھ روپئے مالیتی سونے کے زیورات کا انکشاف کیا جو ان کی والدہ سے حاصل ہوئے ہیں۔ رتنا پربھا کی منقولہ جائیدادیں 3.5 کروڑ کی ہیں جبکہ ان کے شوہر کے اثاثہ جات ایک کروڑ مالیتی ہیں۔ جائیدادوں میں اراضی ، عمارتیں اور امکنہ اراضی شامل ہے جس کی مالیت 16.2 کروڑ بتائی گئی ہے۔ ان کے شوہر جو ریٹائرڈ گورنمنٹ ایمپلائی ہے ، ان کے پاس 4.2 کروڑ کی جائیدادیں ہیں۔ حیدرآباد ، بنگلور ، وشاکھاپٹنم ، رنگا ریڈی ، وجئے نگرم اور کرناٹک کے بعض علاقوں میں جائیدادیں موجود ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار ایم گرو مورتی اور ان کی اہلیہ کے پاس 40 لاکھ روپئے مالیتی جائیدادوں کا انکشاف کیا گیا ۔ گرو مورتی بیچلر آف فزیو تھراپی کی ڈگری رکھتے ہیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سابق رکن پارلیمنٹ چنتا موہن کے پاس ایک بھی منقولہ یا غیر منقولہ اثاثہ نہیں ہے جبکہ ان کی اہلیہ چنتا ریوتی کے پاس 16.4 لاکھ روپئے کے اثاثہ جات کا انکشاف کیا گیا ۔ اہلیہ کے نام پر مختلف علاقوں میں 2.1 کروڑ کی جائیدادیں ہیں۔