حیدرآباد ۔3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تروملا تروپتی دیوستھانم کے لڈو کی تیاری میں مبینہ طور پر بے قاعدگیوں سے متعلق اسکام کی جانچ کے لئے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست پر آج سماعت ہوئی۔ سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے عدالت سے درخواست کی کہ سماعت کو کل تک کیلئے ملتوی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لڈو کی تیاری میں مبینہ بے قاعدگیوں کی مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں سے جانچ کے مسئلہ پر مرکزی حکومت کا موقف حاصل کریں گے۔ عدالت نے سالیسٹر جنرل کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے سماعت کو کل تک کیلئے ملتوی کردیا۔ تروملا تروپتی دیوستھانم کے سابق صدر نشین وائی وی سبا ریڈی اور ممتاز قانون داں سبرامنیم سوامی نے دو علحدہ درخواستیں دائر کی ہیں۔ دونوں نے لڈو کی تیاری میں جانوروں کی چربی والے گھی کے استعمال کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی اپیل کی۔ سپریم کورٹ نے اس سلسلہ میں مرکزی حکومت سے موقف طلب کیا ہے۔ عدالت کا احساس ہے کہ موجودہ ایس آئی ٹی تحقیقات کو برقرار رکھا جائے یا پھر مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں سے جانچ کی ہدایت دی جائے۔ سبرامنیم سوامی نے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی قیادت میں تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کی درخواست کی ہے۔ 1