تروپتی مندر کو بند نہ کرنے ٹی ٹی ڈی بورڈ کا فیصلہ

   

حیدرآباد۔ تروملا تروپتی دیوا ستھانم میں 15 پجاریوں کے علاوہ کئی ملازمین کو کورونا کی توثیق کے باوجود درشن کو بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کہا جا رہاہے کہ ٹی ٹی ڈی بورڈ نے مندر کو بند نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور نہ ہی مستقبل میں درشن کو روکنے کا کوئی منصوبہ ہے بلکہ احتیاطی اقدامات کے ساتھ درشن جاری رہیگا۔ حکومت نے بھی اس سلسلہ میں فیصلہ کرنے کی بجائے فیصلہ بورڈ پر چھوڑدیا تھا جبکہ گذشتہ یوم پجاریوں کو کورونا توثیق کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ درشن کو بند کردیا جائے گا لیکن آج بورڈ نے وضاحت کردی کہ وہ درشن کو بند نہیںکریں گے بلکہ بھکتوں کو احتیاط کے ساتھ درشن کی تاکید کی جائیگی۔ ٹی ٹی ڈی میں بڑی تعداد میں کورونا مریضوں کے باوجود مسئلہ کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور یہ تاثر دیا جا رہاہے کہ یہ معمول کی بات ہے جبکہ بڑی تعداد میں ایک مقام سے جہاں عوام کی بڑی تعداد میں آمد و رفت ہوتی ہے کورونا مریضوں کی نشاندہی کے بعد اس کو کورونا کلسٹر یا کم از کم مائیکرو کلسٹر قرارد یا جانا چاہئے لیکن ایسا نہیں کیا گیا بلکہ سرگرمیاں جاری ہیں ۔ کہاجارہاہے کہ بورڈ نے مستقبل میں بھی درشن نہ روکنے واضح کردیا ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے توثیق کی جا رہی ہے کہ تاحال 140 ملازمین بشمول 15 پجاریوں کو کورونا کی توثیق ہوئی ہے لیکن ان میں بیشتر مریضوںکو کوئی علامات نہیں ہیں اور 140 مریضوں میں صرف ایک کو آئی سی یو میں شریک کیا گیا ہے اسی لئے مندر کو پہنچنے والوں کیلئے بند نہیں کیا جائیگا اور نہ پابندی عائد کی جائیگی بلکہ کوروناکے جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں ان پر سختی سے عمل کو یقینی بنایاجائے گا۔