دارالحکومت کی تبدیلی پر اے پی اور مرکزی حکومتوں کے درمیان بات چیت کا اشارہ
حیدرآباد ۔ /21 اگست (سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمان مسٹر چنتا موہن نے تروپتی کو ریاست آندھراپردیش کی راجدھانی کے طور پر اعلان کرنے کا چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کومشورہ دیا اور کہا کہ موجودہ راجدھانی امراوتی سے دوناکونڈا کو تبدیل کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت کے اعلیٰ ذرائع سے مکمل اطلاعات انہیں موصول ہوئی ہیں ۔ تروپتی پریس کلب میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر چنتا موہن نے کہا کہ دونا کونڈا جہاں کسی بھی نوعیت کی سہولتیں فراہم نہیں ہیں ۔ جس کے پیش نظر دونا کونڈا کے بجائے تروپتی آندھراپردیش کو راجدھانی بنانا کافی بہتر بات ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی راجدھانی امراوتی کو کسی اور مقام پر تبدیل کرنے کے معاملہ میں حکومت بالخصوص چیف منسٹر ریڈی کی جانب سے مرکزی حکومت کے ساتھ تبادلہ خیال کئے جانے کی بھی وہ مکمل معلومات ہیں ۔ مسٹر چنتا موہن نے چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو اس بات کا مشورہ دیا کہ راجدھانی امراوتی کو دوناکونڈہ تبدیل کرنے میں جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں ۔ کیونکہ وہاں پر آبی وسائل ریلوے اور دیگر ٹرانسپورٹ وغیرہ کی سہولتیں فراہم نہیں ہیں ۔ چنتا موہن نے بتایا کہ تروپتی کو ہی ریاست کی راجدھانی بنانے کیلئے سال 2013 ء میں ہی اس وقت کے وزیراعظم مسٹر منموہن سنگھ سے موثر نمائندگی کرتے ہوئے تحریری مکتوب بھی حوالے کیا تھا ۔