محکمہ زراعت اور ٹرانسپورٹس سے قیمتوں پر قابو پانے کے اقدامات
حیدرآباد۔24۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں ترکاریوں کی قیمتوں میں اضافہ نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے اور ترکاریوں کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کے نتیجہ میں عوام کی جیب پر منفی اثرات پڑنے لگے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست میں بارش دیر تک جاری رہنے کے نتیجہ میں کاشت پر ہونے والے منفی اثرات کے نتیجہ میں ترکاریوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔ محکمہ زراعت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع اور دونوں شہروں کے نواحی علاقوں میں جو ترکاریاں پیدا ہوتی ہیں گذشتہ ماہ کے اواخر میں ہونے والی بارشوں کے نتیجہ میں ترکاریوں کی کاشت کو نقصان پہونچا ہے ۔ اسی لئے ترکاریوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاجانے لگا ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق آئندہ دو ہفتوں کے دوران اگر موسم معمول کے مطابق رہتا ہے تو ایسی صورت میں ترکاریوں کی قیمتوں کے معمول پر آنے کے قوی امکانات ہیں ۔ماہرین کے مطابق موسمی تبدیلیوں اور مانسون میں ریکارڈ کی جانے والی طوالت کے نتیجہ میں کاشت متاثر ہونے کے علاوہ ترکاریوں کی منتقلی میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے سبب دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں ترکاری کی قیمتیں بڑھی ہیں لیکن محکمہ زراعت اور ٹرانسپورٹ کی جانب سے توجہ مرکوز کئے جانے کے بعد سے ترکاریوں کی قیمتوں پر کنٹرول کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ جلد ہی ترکاریوں کی قیمتوں پر قابو پانے کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ عوام کو ہونے والے مسائل کو کم کیا جاسکے۔موسمی تبدیلی اور معمول کے مطابق موسم ہونے کی صورت میں آئندہ دو ہفتوں کے دوران ترکاریوں کی قیمتیں معمول پر آسکتا ہے اور شہر کو ترکاریوں کی منتقلی کو بہتر بنائے جانے کے اقدامات کے بعد قیمتیں معمول پر آنے لگ جائیں گی۔رعیتو بازاروں میں بھی ترکاری کی قیمتوں میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے علاوہ ہفتہ واری بازاروں میں بھی ترکاریوں کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ۔3