ترکاری قیمتوں کیلئے حکومت سبسیڈی فراہم کرے

   

مہیلا کانگریس کا مطالبہ، گاندھی بھون میں روایتی بونال تقاریب
حیدرآباد ۔6۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ مہیلا کانگریس کی ریاستی عاملہ کا اجلاس ریاستی صدر سنیتا راؤ کی صدارت میں گاندھی بھون میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد گاندھی بھون کے احاطہ میں بونال کی تمثیلی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تلنگانہ عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی پوجا کی گئی۔ مہیلا کانگریس کے قائدین اور کارکنوں نے روایتی بونال کے رنگا رنگ لباس میں تقاریب میں حصہ لیا۔ اس موقع پر سنیتا راؤ نے بی آر ایس اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں حکومتیں مہنگائی کیلئے ذمہ دار ہیں۔ ملک بھر میں ترکاریوں کی قیمت میں اضافہ میں غریب اور متوسط طبقات پر اضافی بوجھ عائد کیا ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے سبسیڈی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کو رعایتی شرحوں پر ترکاری دستیاب ہو۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ نہ صرف تلنگانہ بلکہ ملک کے دیگر علاقوں میں ٹماٹر کی قیمتیں پٹرول کی قیمت سے زیادہ ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست کی حکومتوں کو شکست سے دوچار کرنے کیلئے عوام نے تہیہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل میں دونوں حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں۔ اس موقع پر گریٹر حیدرآباد کے اسمبلی منڈل اور ڈیویژن سطح کے صدور اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر