انقرہ : پاکستانی، ترک اور ایرانی حکومتوں نے سرد خانے میں پڑے ریل لنک پراجیکٹ کو بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سہ ملکی ریل منصوبے پر پہلی مرتبہ باہمی رضامندی 2009 میں سامنے آئی تھی۔ان تینوں ملکوں کے درمیان ممکنہ ریل لنک میں شامل استنبول، تہران اور اسلام آباد کے مقامات شامل ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس ریل ٹریک کے استوار ہونے سے ان ملکوں کے درمیاں تجارت میں افزائش کے ساتھ ساتھ تینوں ملکوں کے سیاحوں کی آمد و رفت بھی توقع سے بڑھ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ نقل و حمل کا رابطہ تینوں ملکوں میں تعلقات کو بہتر خطوط پر استوار کرنے میں بھی کلیدی کردار کا حامل ہو سکے گا۔اس ریلوے ٹریک کو مکمل کرنے پر اس کی کل لمبائی 6,500 کلومیٹر (4,030 میل) ہو گی۔ اس طویل ٹریک میں 1,950 کلومیٹر کا ٹریک ترکی میں بچھایا جائے گا۔ ایران میں اس ٹریک کی لمبائی 2,600 کلو میٹر ہو گی جب کہ پاکستان میں ریلوے ٹریک 1,990 کلو میٹر پر پھیلا ہوگا۔