ترکی:کورونا کے سبب شراب کی فروخت پر پابندی

   

انقرہ: ترکی میں تین ہفتے کا سخت لاک ڈاون شروع ہو گیا ہے لیکن بیشتر افراد شراب کی فروخت پر ملک گیر پابندی کی وجہ سے زیادہ ناراض ہیں۔ انہیں خدشہ ہے کہ حکومت کورونا کی آڑ میں شراب پر طویل مدتی پابندی عائد کرسکتی ہے۔ترکی میں حالیہ دنوں میں کوویڈ۔19 سے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے صرف ایک دن میں ساٹھ ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ملک میں ہر ایک لاکھ میں سے پانچ سو سے زیادہ اور سب سے بڑ ے شہر استنبول میں 850 سے زیادہ لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ حکومت نے اس صورت حال کے مدنظر بالآخر تین ہفتے کی سخت بندشیں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔اسکول اور غیر ضروری اشیاء کی دکانیں بند ہیں۔ شہریوں کو اپنے گھروں سے باہر نکلنے کے لیے مناسب وجوہات بتانی پڑرہی ہیں اور ایک شہر سے دوسرے شہر کا سفر کرنے کے لیے خصوصی اجازت نامے ضروری ہیں۔عوام کی اکثریت سخت بندشوں کے حامی ہے تاہم حکومت نے ایک ایسا بھی ضابطہ نافذ کردیا ہے جس کی وجہ سے بعض لوگوں کو کافی پریشانی ہو رہی ہے۔