استنبول ۔ 12 مئی (ایجنسیز)ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کی میزبانی میں آج انقرہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں ترکیہ، اردن اور شام کے وزرائے خارجہ خطے کی حالیہ پیش رفت اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔اس اجلاس میں اردن کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ایمن الصفدی اور شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی بھی شرکت کریں گے۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر خارجہ ہاکان فیدان شام میں امن و استحکام کے قیام کے لیے شامی حکومت کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کریں گے۔ وہ اس بات پر بھی زور دیں گے کہ اسرائیل کو خطے کی اقوام کے خلاف اپنی جارحانہ پالیسی ترک کرنی چاہیے، اور علاقائی مسائل کے حل کے لیے قریبی تعاون ضروری ہے۔ہاکان فیدان یہ بھی واضح کریں گے کہ خطے کے مستقبل میں کسی بھی دہشت گرد تنظیم کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہوگی اور ترکیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مشترکہ خطرات خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں “علاقائی مسائل کا حل علاقائی تعاون سے” کے اصول کو اپناتے ہوئے اپنے مشترکہ چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔ہاکان فیدان اس بات پر بھی زور دیں گے کہ شام اور اس کے ہمسایہ ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی میں تعاون نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی سکیورٹی کو مضبوط کرے گا۔توقع ہے کہ اس سہ فریقی ملاقات کے ساتھ ساتھ ہاکان فیدان اپنے اردنی اور شامی ہم منصبوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر مزید گفتگو کی جا سکے۔