ترکیہ، غزہ میں فوجیوں کی تعیناتی کیلئے تیار: وزیرخارجہ

   

انقرہ، 23 جنوری (یو این آئی) ترک وزیرخارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ ترکیہ غزہ کی تعمیر نو اور امداد میں مدد کیلئے فورسز بھیجنے کو تیار ہے ۔ انہوں نے ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں ڈیووس میں ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ترکی غزہ کے مستقبل میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے ، جس میں فوج تعینات کرنا بھی شامل ہے ۔ دی نیشنل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو ’’آن دی ریکارڈ ود ہیڈلی گیمبل‘‘میں حاقان فیدان نے کہا ہم غزہ کے امن منصوبے میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ترکیہ اب امن بورڈ کا حصہ ہے ، اب ہم غزہ کی ایگزیکٹو کمیٹی پر کام کر رہے ہیں اور بہت سی انسانی امداد بھی فراہم کر رہے ہیں، لیکن جیسا کہ میں نے کہا یہ کچھ ممالک کے ساتھ بحث و اتفاق رائے کے بعد ہوگا، اور دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے ۔ فیدان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ صدر ٹرمپ ہی واحد شخص ہیں جو اسرائیل پر حقیقی دباؤ ڈال سکتے ہیں۔ اگر وہ چاہیں تو ان کے پاس اسرائیل پر دباؤ ڈالنے اور اسرائیل کے غلط رویے کو روکنے کی صلاحیت ہے ۔