امدادی رقم متاثرین تک پہنچائی جائیگی ، تعاون کرنے والوں سے صدر جمعیۃ العلماء کا اظہارتشکر
نظام آباد۔ 28 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گذشتہ دس دن سے شہر نظام آباد اورمنڈلوں کی مساجد میں بذریعہ اعلانات ترکی اورشام کے لئے ریلیف وصول کی گئی تھی جو بذریعہ اکاونٹ ریاستی جمعیت علماء کے سپردکی گئی تھی آج جمعیۃ علماء ضلع نظام کے ذمہ داران مولاناسید سمیع اللہ صدر، مولاناشیخ اسماعیل عارفی نائب صدر ، محمدنصیر الدین نائب صدر، محمد افضل الدین ، وسیم احمد خان ، عنایت علی ، افروز اسماعیل، محمد صابرنے ایک وفد کی شکل میں ریاستی دفتر پہونچ کررقم اوربینک کی تمام ترتفصیلات صدرالحاج حافظ پیر شبیر احمد کے حوالے کیں ۔ اس موقع پر ریاستی جنرل سکریٹری الحاج حافظ پیر خلیق احمد صابر نے شہر ومنڈلوں کے صدور کے علاوہ مسلمانان ضلع نظام آباد مساجد کمیٹی کے صدور وائمہ کرام کا شکریہ اداکرتے ہوے نظام آباد جنرل سکریٹری اوران کے رفقاء سے اظہاراطمینان کیا اور کہا کہ جمعیت علماء ایک منظم وفعال تنظیم ہے جو ملک وملت کی تعمیر وترقی کے حوالہ سے اپنی گرانقدر خدمات انجام دیتی آرہی ہے قوم وملت پر آنے والے ہر کٹھن مرحلہ پر سب سے پہلے جمعیت علماء میدان عمل میں آتی ہے اورحتی المقدور راہ نمای کرتی ہے ترکی اورشام میں آے زلزلہ سے متاثرین کی مدد کے لئے مرکزی جنرل سکریٹری مولاناحکیم الدین قاسمی کل استبول پہونچ چکے ہیں جہاں وہ تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوے صدر قائدملت اسلامیہ مولاناسید محمود اسعد مدنی کو تفصیلات بتائیں گے ۔ ان شاء اللہ پوری امانت ودیانت کے ساتھ ملک کے کونہ کونہ سے آئی امدادی رقم کو متاثرین تک پہونچایاجاے گا۔ جنرل سکریٹری جمعیت علماء ضلع نظام آبادمولاناعبدالقیوم شاکر القاسمی نے بھی اس موقع پر تمام خدام جمعیت وکارکنان جنہوں نے مسجد مسجد پہونچ کر مسلمانوں سے تعاون وصول کیا اورجن احباب نے شخصی طورپر ملاقات کرکے اعانتیں کیں اُن سب کا شکریہ اداکرتے ہوئے آئندہ بھی جمعیت کی آواز پر قومی وملی فلاحی ورفاہی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔