انقرہ : ترکیہ کے جنوب مشرقی علاقوں کے جنگلات میں راتوں رات لگنے والی آگ سے 5افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ وزیر صحت فخرالدین قوکہ نے بتایا کہ جنوب مشرقی شہر ماردین کے 2 علاقوں کے آگ کی لپیٹ میں آ جانے سے 44 زخمی ہو گئے جن میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے۔ سوشل میڈیا پر تصاویر جاری کی گئیں جن میں رات کو آسمان میں بلند و بالا شعلے اور دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔ فخرالدین قوکہ نے بتایا کہ 4 ایمرجنسی ٹیمیں اور 35 ایمبولینسیں جائے وقوع پر کارروائیوںمیںشامل ہیں۔ وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے اپنے بیان میں بتایا کہ آگ جمعرات کی شب دیاربکر سے 30 کلومیٹر جنوب میں لگی اور تیز ہواؤں کی وجہ سے تیزی سے پھیل گئی جس سے 5 دیہات متاثر ہوئے۔