ترکیہ زلزلہ متاثرین کی رقمی عطیات سے امدادکریں

,

   

قونصل خانہ کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کروانے جناب زاہد علی خاں و جناب افتخار حسین کی اپیل

حیدرآباد11فروری(سیاست نیوز) امت مسلمہ پر جب کبھی آفت و مصیبت کے پہاڑ ٹوٹے ہیں ‘ادارہ ٔ سیاست نے اپنی ذمہ داری تصور کرتے ہوئے ان کی مدد و راحت کاری میں تعاون کیا ہے۔جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست و جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے ترکیہ کے مصیبت زدہ شہریوں کیلئے شہریان حیدرآباد کے جذبۂ خدمت خلق کی سراہنا کی اور کہا کہ ترکیہ میں منفی درجہ حرارت کے علاوہ وہاں استعمال کی اشیاء یہاں دستیاب نہ ہونے اور گوداموں میں جگہ باقی نہ رہنے کے سبب امدادی اشیاء کی وصولی بند کردی گئی ہے ۔ جناب زاہد علی خان و جناب افتخار حسین نے شہریان حیدرآباد سے اپیل کی کہ وہ اپنے عطیات بذریعہ بینک ترکیہ سفارتخانہ سے فراہم بینک کی تفصیلات پر جمع کروائیں تاکہ آپ کے مالی تعاون کی رقومات کے ذریعہ حکومت ترکیہ اپنے شہریوں کی راحت کاری کو یقینی بناسکے۔ ایڈیٹر سیاست نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں زلزلہ ہویا گجرات میں مسلمانوں کی نسل کشی ‘ حیدرآباد کے فسادات ہوں یا لاتور اور عثمان آباد میں زلزلہ ‘آفات سماوی کے متاثرین ہوں یا فسادات کے متاثرین ہوں ان تمام کی ادارۂ سیاست نے نہ صرف اپنے طور پر بلکہ قارئین و مخیر شہریان کے تعاون کے ذریعہ مصیبت زدگان کی مدد کو یقینی بنایا ہے۔ ترکیہ و شام میں آئے زلزلہ کے بعد دنیا بھر سے ترکیہ کیلئے امداد رسانی جاری ہے اور حیدرآباد میں موجود قونصل خانہ ترکیہ کی اپیل کے بعد جس ردعمل کا شہریان حیدرآباد نے مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش اور حسب توقع ہے لیکن ترکیہ میں آئے زلزلہ سے 50لاکھ افراد کے بے گھر ہونے کی اقوام متحدہ نے توثیق کی ہے اور ان کی راحت کاری و بازآبادکاری حکومت ترکیہ کیلئے بڑا چیالنج ہے اسی لئے مصیبت کے اس وقت میں شہریان حیدرآباد بالخصوص مخیر حضرات ان مصیبت زدگان کی مدد کیلئے آگے آکرسفارتخانہ کے خصوصی کھاتہ میں رقومات جمع کرواکر بازآبادکاری میں تعاون کریں۔ جناب زاہد علی خان و جناب افتخار حسین نے کہا کہ 30 ہزار اموات اور 80 ہزار سے زائد افراد کے ز خمی ہونے کے اطلاعات نے ہر اہل دل کو تڑپا دیا ہے اور وہ ان کے حق میں دعا کے ساتھ مدد کے خواہشمند ہیں لیکن منفی درجہ حرارت میں استعمال کی اشیاء جو ہندستان میں مشکل سے دستیاب ہوتی ہیں اسی لئے جس مالیت کی اشیاء خرید کر مدد کرنا چاہتے ہیں اتنی ہی رقم ترکیہ سفارتخانہ کے بینک کھاتہ میں جمع کرواتے ہوئے ان کی مدد کریں۔م