ترکیہ زلزلہ متاثرین کی مدد کرنے والوں سے اظہار تشکر

   

دہلی میں سفیر ترکیہ کی قیامگاہ پر مخیر حضرات کا اجتماع، روزنامہ سیاست کے رول کی ستائش
نئی دہلی 4 جون (سیاست نیوز) جمہوریہ ترکیہ کے سفیر برائے ہند فرات سونیل نے نئی دہلی میں ان کی قیامگاہ پر مخیر لوگوں کے اعزاز میں ایک اجتماع کا اہتمام کرتے ہوئے اس سال فروری میں ترکیہ میں آئے تباہ کن زلزلہ کے بعد ریلیف کاوشوں میں فراخدلانہ عطیات دینے والوں سے اظہار تشکر و ممنونیت کیا۔ اس ایونٹ کے اہم مدعوئین میں جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست شامل تھے جنھوں نے اس کاز کے لئے فراخدلانہ عطیہ دیا تھا۔ تاہم ان کی پہلے سے طے شدہ مصروفیت کے باعث اس ایونٹ میں ان کی نمائندگی زاہد فاروقی، ہیڈ آف آپریشنس، سیاست ٹی وی نے کی۔ اس موقع پر ترکیہ کے سفیر نے تمام عطیہ دہندگان اور اس ایونٹ میں شریک افراد سے اظہار تشکر کیا۔ انھوں نے ترکیہ کے پکوان کی منفرد روایات اور خصوصی ڈیشس کے بارے میں بھی بتایا۔ اس ایونٹ میں کئی ممتاز معززین نے شرکت کی جن میں مسٹر اشرف شیکھالیو سفیر آذربائیجان، صدیق اللہ چودھری وزیر ماس ایجوکیشن حکومت مغربی بنگال شامل ہیں۔ مسٹر زاہد فاروقی نے سفیر ترکیہ کے ساتھ بات چیت میں دنیا بھر میں آفات سماوی کے دوران شہر حیدرآباد بالخصوص سیاست کے قارئین کی جانب سے فراہم کی جانے والی مدد اور اس سلسلہ میں ان کے رول پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے حیدرآباد میں ریلیف کے کاموں کے سلسلہ میں شہر میں متعین ترکیہ کے قونصل جنرل ارہان یالمان اوکان کی کاوشوں کی بھی ستائش کی۔ اس کے جواب میں سفیر ترکیہ سونیل نے اس ماہ کسی بھی وقت جناب عامر علی خاں سے شخصی طور پر ملاقات کرنے کے ان کے ارادہ کا اظہار کیا۔