استنبول ۔ 30 جون (ایجنسیز) ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول میں ایل جی بی ٹی کیو پلس کی پرائیڈ پریڈ کے دوران درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس کمیونٹی کے لوگوں نے شہر میں مارچ کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے شہر کے اہم حصوں کو بند کر دیا۔ ترکیہ کے بڑے شہر استنبول میں اتوار کے روز ایل جی بی ٹی کیو پلس کمیونٹی کے لوگوں نے اپنی معروف ’پرائیڈ پریڈ‘ منعقد کرنے کی کوشش کی، جسے پولیس نے روک دیا۔ حکام نے اس طرح کی ریلی پر پہلی ہی پابندی عائد کر دی تھی اور کارکنان کے مطابق مارچ کرنے کی کوشش کرنے والے 50 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ حکام ’استنبول پرائیڈ‘ نامی اس مارچ پر سن 2015 سے ہی ہر سال پابندی عائد کرتے رہے ہیں اور اس برس بھی استنبول کے گورنر نے اس پریڈ کے انعقاد پر یہ کہتے ہوئے پابندی لگا دی تھی کہ یہ سماجی امن، خاندانی ڈھانچے اور اخلاقی اقدار کو مجروح کرتی ہے۔ اس موقع پر شہر کے اہم علاقوں میں پولیس کی مضبوط موجودگی نے بڑے اجتماعات کو روک دیا۔ اس دوران شہر کے مرکز میں قوس قزح کے رنگوں والے جھنڈے اٹھائے ہوئے کارکنوں کے ساتھ افسران کو جھڑپ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔