ترکیہ میںاجلاس، روس۔یوکرین جنگ ختم کرنے کا مطالبہ

   

انقرہ : ترک قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں بحیرہ اسودمیں کشیدگی کو کم کرنے اور اناج راہداری معادہے کی بحالی کے لیے طرفین سے درخواست کی گئی ہے۔ صدر رجب طیب اردغان کی زیر قیادت گزشتہ روز انقرہ میں قومی سلامتی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں پی کیکے ،فیتو اور داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں سمیت قومی اتحاد و یک جہتی اور بقائے ملی کے خلاف ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے اندرون و بیرون ملک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔ اجلاس کے اعلامیہ میں عراق کے ساتھ تعاون کو ہر شعبے میں فروغ دینے اورانسداد دہشت گردی اور خطے میں استحکام و سلامتی کی بحالی کیلئے سنجیدہ کوششیں صرف کرنے کا اظہار کیا گیا۔علاوہ ازیں اجلاس میں روس اور یوکرین کی جنگ کی صورت حال اور خطے پر اس کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا گیا کہ بحیرہ اسود میںکشیدگی بڑھانا کسی کے مفاد میں نہیں ہوگا لہذا طرفین سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مذاکراتی میز پر آتے ہوئے جنگ ختم کرنے سمیت اناج راہداری معاہدے کو بحال کریں۔اعلامیہ میں اس بات کی جانب بھِی اشارہ کیا گیا کہ افریقہ کی تازہ صورتحال اورموجودہ مسائل کے پر امن تصفیہ کے لیے افریقی سربراہوں پر ذمے داری عائد ہوتی ہیں، علاوہ ازیں، مذہب اسلام کے خلاف شر انگیزی اور دو ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کے موجب مظاہروں کو روکنے اور مرتکب افراد کوسزا دینے کے لیے ممالک سے ذمہ داریاں پوری کرنے اور آزادی اظہارکی آڑ میں نفرت انگیزی اور مقدس اقدار کی بے حرمتی کے خلاف اتحاد و تعاون کی دعوت دی گئی ہے۔