انقرہ ؍ میکسیکو: میکسیکو نے پیر کے روز ایک فوجی ریسکیو کتے کو خراج عقیدت پیش کیا جو ترکیہ میں زلزلے کے بعد ملبے تلے دبے زندہ افراد کی تلاش کے دوران ہلاک ہوگیا تھا۔ میکسیکو کے وزیر دفاع لوئی کرسنسیو ساندوال نے صدر آندرس مانوئل لوپز اوبرادو کی جانب سے روزانہ کی نیوز کانفرنس کے دوران پروٹیو نامی جرمن شیفرڈ کی موت کا اعلان کیا۔پروٹیو ان ایک درجن سے زیادہ بہترین ریسکیو کتوں میں شامل تھا جنہیں میکسیکو نے 130 فوجی اہلکاروں پر مشتمل امدادی ٹیم کے ساتھ ترکیہ میں 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے کے بعد روانہ کیا تھا۔میکسیکو اکثر زلزلوں سے نبردآزما رہتا ہے۔ اس کے پاس ماہر شہری اور فوجی ٹیموں کے ساتھ ساتھ تلاشی میں معاونت فراہم کرنے والے بہترین کتے بھی ہیں۔