نئی دہلی، 26 ستمبر (یو این آئی) ترکیہ کے صدر کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مسئلہ اٹھانے پر ہندوستان نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ ترکی کے زیر قبضہ شمالی قبرص کے تنازعے کا حل اقوام متحدہ کے فریم ورک کے مطابق ہونا چاہیے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کے روز میڈیا بریفنگ میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان کے کشمیر کا مسئلہ اٹھانے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا، “کشمیر پر ہمارا موقف واضح ہے ۔ گزشتہ 10 سال سے ہماری پوزیشن سب کے لیے واضح ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی وزیر خارجہ نے قبرص کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی اور اس دوران انہوں نے کہا کہ شمالی قبرص کے مسئلے کا اقوام متحدہ کے فریم ورک کے مطابق جامع اور مستقل حل ہونا چاہیے ۔ قابل ذکر ہے کہ صدر اردغان نے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کو بات چیت کے ذریعے کشمیر کا مسئلہ حل کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس میں ہندوستان کو سکیورٹی کونسل کی مدد لینی چاہیے ۔ یاد رہے کہ ترکی نے 1974 میں قبرص کے شمالی حصے پر قبضہ کیا تھا، جس کے بعد سے وہاں تنازعہ پیدا ہوا ہے ۔