انقرہ، 7 نومبر (یو این آئی) انقرہ میں برطانیہ کی سفیر’جل مورس’ نے کہا ہے کہ “شام کی پیش رفتوں میں ترکیہ کا کردار “انتہائی اہم” رہا ہے ۔ برطانیہ، اس “قائدانہ کردار” پر ترکیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے “۔ آج بروزجمعہ، استنبول میں منعقدہ باسفورس سربراہ اجلاس سے خطاب میں مورس نے کہا ہے کہ شام میں جھڑپوں کے خاتمے سے متعلقہ تبدیلی کی رفتار “بہت حوصلہ افزا” ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ “ہم شامی حکومت کی طرف سے ،بلواسطہ انتخابات کے انعقاد سمیت، سیاسی منتقلی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ شامی عوام کا اعتماد جیتنے کیلئے انتخابی عمل کی شفافیت اور جامع شمولیت کلیدی اہمیت رکھتی ہے ۔ مورس نے مزید کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے عالمی تنازعات اور دھڑے بندیوں کے ماحول میں براعظم یورپ کے دونوں سروں پر واقع مضبوط نیٹو اتحادی ملک ‘برطانیہ اور ترکیہ’ ان مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون کو مزید گہرا کر رہے ہیں۔