ترکیہ کی اپیل کا مثبت جواب ، مسک نے غزہ کو اسٹارلنک فراہم کردیا

   

واشنگٹن : اسرائیل کے زیرِ محاصرہ غزہ کا 3 دن سے بیرونی دنیا کے ساتھ منقطع رابطہ دوبارہ سے بحال ہونا شروع ہو گیا ہے۔غزہ کے بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے ساتھ رابطے کے لئے ارب پتّی کاروباری شخصیت ‘ایلن مسک’ حرکت میں آ گئے ہیں۔ترکیہ کے وزیر مواصلات و انفراسٹرکچر عبدالقدیر اورال اوعلو نے ان کی اپیل کا مثبت جواب دینے پر ایلن مسک کا شکریہ ادا کیا ہے۔اورال اوعلو نے سوشل میڈیا سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ” اسٹار لنک سیٹلائٹوں کے غزّہ کی بین الاقوامی امدادی ٹیموں کو سیٹلائٹ رابطہ فراہم کرنے پر میں آپ کا شکر گزار ہوں”۔تاہم اسرائیل کے وزیر مواصلات شلومو کارہی نے مسک کے خلاف ردعمل کا اظہار کیا ہے۔شولوم نے کہا ہے کہ ہم، غزہ کو انٹر نیٹ فراہم کرنے کے اقدام کے خلاف جدوجہد کریں گے اور رابطہ کاٹنے کے لئے ہر راستہ اختیار کریں گے۔جواب میں ایلن مسک نے کہا ہے کہ غزہ کو انٹرنیٹ رابطہ مکمل طور پر انسانی وجوہات کی بنا پر فراہم کیا گیا ہے اور ہم اس کی تصدیق کے لئے خصوصی اقدامات اختیار کریں گے۔