استنبول، 10 اگست (یو این آئی) ترکی کے شمال مغربی صوبے چناقلے کے جنگلوں میں دو مقامات پر شدید آگ بھڑکنے کے بعد تقریباً ایک ہزار افراد کو بحفاظت نکالا گیا۔ اس حادثے میں کئی گھر تباہ ہو گئے اور نجی املاک کو کافی نقصان پہنچاہے ۔ماحولیات، شہری ترقی اور آب و ہوا کی تبدیلی کے وزیر مورات کوروم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ محکمہ جنگلات کی ٹیموں نے نقصان کا تخمینہ لگانا شروع کر دیا ہے ۔ ساکاکلی گاؤں میں 43 عمارتیں شدید طور پر متاثر یا تباہ ہو گئی ہیں جبکہ دیگر گاؤں میں نقصان کے تخمینے کا عمل ابھی جاری ہے ۔زراعت اور جنگلات کے وزیر ابراہیم یومکالی نے بتایا کہ تقریباً ایک ہزار مقامی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ کو آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے ۔